اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)قومی اسمبلی کے اجلاس میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان غیر معمولی سیاسی رابطے دیکھنے میں آئے، جہاں وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے مفاہمتی انداز نمایاں رہا۔
تفصیلات کے مطابق ایوان میں آمد کے بعد وزیراعظم شہباز شریف خود اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی اور چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کی نشستوں پر گئے اور ان سے مصافحہ کیا۔ اس غیر معمولی اقدام کو ایوان میں مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق وزیراعظم کا یہ طرزِ عمل پارلیمانی روایات کے فروغ اور سیاسی درجہ حرارت میں کمی کی جانب ایک اہم اشارہ سمجھا جا رہا ہے۔ اجلاس کے دوران حکومتی اور اپوزیشن اراکین کے رویے میں بھی نرمی دیکھی گئی، جسے جمہوری عمل کے لیے خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق اس مفاہمتی ماحول کے نتیجے میں آئندہ دنوں میں اہم قانون سازی اور قومی معاملات پر باہمی مشاورت کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔


