اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تاریخی کمی کے بعد گڈز ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں 15 فیصد کمی کا اعلان کر دیا ہے۔ اس فیصلے کا مقصد مہنگائی کے دباؤ میں کمی اور صارفین کو ریلیف فراہم کرنا بتایا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کے صدر ملک شہزاد اعوان نے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی جانب سے ڈیزل اور پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 15 فیصد کمی کا اعلان کیا۔
ملک شہزاد اعوان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم پاکستان کے شکر گزار ہیں جنہوں نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ دنوں میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ گڈز ٹرانسپورٹرز نے مشکل وقت میں ملک کے وسیع تر مفاد میں اپنی گاڑیاں نقصان میں بھی چلائیں۔ صدر گڈز ٹرانسپورٹ الائنس نے مطالبہ کیا کہ وفاقی بجٹ 2026-27 میں ودہولڈنگ ٹیکس میں کیا گیا اضافہ واپس لیا جائے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں گڈز ٹرانسپورٹرز کو ٹول ٹیکس، ودہولڈنگ ٹیکس، موٹروے پولیس کے ای چالان سمیت دیگر ٹیکسز میں بھی ریلیف فراہم کریں تاکہ ٹرانسپورٹ سیکٹر کو درپیش مشکلات کم ہو سکیں۔


