اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)وزیراعظم شہباز شریف نے دکانوں اور مارکیٹوں کے اوقاتِ کار کے علاوہ تمام کفایت شعاری اقدامات ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سرکاری گاڑیوں کے پیٹرول میں 50 فیصد کٹوتی نہیں ہو گی، جبکہ وزرا اور اعلیٰ افسران کے غیرملکی دورے بھی بحال کر دیے گئے ہیں۔
فیصلے کے تحت ارکانِ اسمبلی کو پوری تنخواہیں ادا کی جائیں گی اور سرکاری امور معمول کے مطابق انجام دیے جائیں گے۔ تاہم بجلی اور توانائی کی بچت کے پیشِ نظر دکانیں، مارکیٹیں اور تجارتی مراکز بدستور رات 9 بجے بند ہوں گے۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد انتظامی امور کو بہتر بنانا اور حکومتی کارکردگی کو متاثر ہونے سے بچانا ہے، جبکہ توانائی کی بچت کے لیے دکانوں کے اوقاتِ کار میں پابندی برقرار رکھی گئی ہے۔


