کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)کراچی کے علاقے فریئر میں پولیس نے اسٹریٹ کرمنلز اور موٹر سائیکل لفٹرز کے خلاف کامیاب کارروائی کرتے ہوئے پانچ رکنی گینگ کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق کارروائی خفیہ اطلاع پر کی گئی، جس کے دوران ملزمان کو فٹبال گراؤنڈ کے قریب سے حراست میں لیا گیا۔
گرفتار ملزمان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ اور چوری شدہ موٹر سائیکلیں برآمد ہوئیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ برآمد کی گئی موٹر سائیکلیں تھانہ فریئر اور تھانہ پریڈی کی حدود سے چوری کی گئی تھیں۔
گرفتار ملزمان کی شناخت ابرارالرحمن ولد محمد اجمل، شاہ میر ولد محمد رئیس، محمد شہروز عرف شاکا ولد محمد یٰسین، نوفل یوسف ولد یوسف شریف اور عبدالقیوم عرف بلال عرف چھٹا ولد شفقت کے ناموں سے ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق ملزمان سے برآمد موٹر سائیکل نمبر KQP-8970 (یونیک 70، سیاہ رنگ) تھانہ فریئر کے مقدمہ نمبر 158/2026 زیر دفعہ 381-A میں مطلوب اور چوری شدہ تھی، جبکہ موٹر سائیکل نمبر KJZ-2565 (سپر پاور 70، سیاہ رنگ) تھانہ پریڈی کے مقدمہ نمبر 721/2024 زیر دفعہ 381-A میں مطلوب تھی۔
ملزمان کے خلاف تھانہ فریئر میں مقدمات درج کر لیے گئے ہیں، جن کی تفصیل درج ذیل ہے:
مقدمہ نمبر 159/2026 زیر دفعہ 23(1-A) سندھ آرمز ایکٹ
مقدمہ نمبر 158/2026 زیر دفعہ 381-A (تھانہ فریئر)
مقدمہ نمبر 721/2024 زیر دفعہ 381-A (تھانہ پریڈی)
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کو مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن برانچ اور اے وی ایل سی حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔


