اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)راونڈا ہائی کمیشن نےپاکستان میں پہلاراونڈا کافی فیسٹیول کامیابی سے منعقد کیا، جس کا مقصد راونڈا کی خصوصی عربیکا کافی کو متعارف کرانا اور پاکستان کے ساتھ تجارتی، سرمایہ کاری اور ثقافتی تعاون کو فروغ دینا تھا۔
فیسٹیول کا افتتاح راونڈا کی ہائی کمشنر ایچ۔ایچ۔ حریریمانا فاتُو نے کیا، جنہوں نے شرکاء کو خوش آمدید کہا اور جنوبی-جنوبی تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے راونڈا کافی کو پاکستان میں متعارف کروانے کی اہمیت اجاگر کی۔
راونڈا کے وزیر تجارت و صنعت مسٹر پرڈینس سباہیزی نے فیسٹیول میں شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان کی مہمان نوازی کی تعریف کی۔ انہوں نے راونڈا کے کاروبار دوست ماحول اور افریقہ تک رسائی کے موقعات پر روشنی ڈالی۔ وزیر سباہیزی نے کہا کہ راونڈا پاکستانی چاول، ٹیکسٹائل اور فارماسیوٹیکل مصنوعات درآمد کرنے میں دلچسپی رکھتا ہے اور خاص طور پر پاکستانی باسمتی چاول کی مانگ راونڈا میں بڑھ رہی ہے۔
وزیر سباہیزی نے کافی فیسٹیول کو حوصلے اور ثقافتی فخر کی نمائندگی قرار دیتے ہوئے کہا کہ درآمد و برآمد کے منظم سلسلوں کے ذریعے براہِ راست تجارتی روابط کو مضبوط کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے پاکستانی سرمایہ کاروں کو راونڈا کی کافی صنعت میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور زرعی شعبے، کان کنی، انفراسٹرکچر، تعلیم، مصنوعی ذہانت اور صحت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔ انہوں نے گزشتہ سال دستخط شدہ تجارتی ایم او یو کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر بھی روشنی ڈالی۔
فیسٹیول میں پاکستان کے وفاقی وزیر برائے بحری امور، جناب محمد جنید انور نے بطور چیف گیسٹ شرکت کی اور کافی سفارتکاری کے ذریعے دوطرفہ تعلقات، بحری رابطوں، سپلائی چینز کی توسیع اور طویل مدتی شراکت داری کی اہمیت پر زور دیا۔
نیشنل کوآرڈینیٹر برائے ٹورازم، جناب سردار یاسر الیاس نے کہا کہ فیسٹیول نہ صرف تجارتی و سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کرتا ہے بلکہ دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی تفہیم اور سیاحت کے شعبے میں تعاون کو بھی فروغ دیتا ہے۔
ایگزیکٹو ڈائریکٹر نیشنل ایگریکلچرل ایکسپورٹ ڈیولپمنٹ بورڈ، کلاؤڈ بزیمانا نے راونڈا کی کافی صنعت میں پالیسی کی بنیاد پر تبدیلیوں اور پاکستانی کاروباری افراد کے لیے براہِ راست تجارتی مواقع پر تفصیل پیش کی۔
سینیٹر مشیحد حسین سید نے راونڈا کے اقتصادی ترقی کے ماڈل کی تعریف کرتے ہوئے صدر پال کاگامی کی قیادت کو سراہا اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
فیسٹیول میں راونڈا کے کافی ایکسپورٹرز اور پاکستانی درآمد کنندگان کے درمیان پینل ڈسکشن بھی ہوا، جس میں مارکیٹ رسائی، معیار کی یقین دہانی، لاجسٹکس، برانڈنگ اور پائیدار شراکت داری کے ماڈلز پر بات چیت کی گئی۔
راونڈا کافی فیسٹیول 2026 میں سفارتکاروں، سرکاری حکام، کاروباری رہنماؤں، سرمایہ کاروں، کافی پروفیشنلز، میڈیا اور سول سوسائٹی کے افراد نے شرکت کی۔ ہائی کمیشن نے امید ظاہر کی کہ یہ فیسٹیول دونوں ممالک کے تجارتی و ثقافتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور پائیدار تجارتی شراکت داری کے قیام میں معاون ثابت ہوگا۔


