حج آپریشن کے تمام انتظامات مکمل، پہلی حج پرواز 29 اپریل کو روانہ ہوگی

اسلام آباد (ایچ آراین ڈبلیو) پاکستان میں حج آپریشن کے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں اور عازمین حج کی حجاز مقدس روانگی کا مرحلہ شروع ہونے کو ہے۔ وزارت مذہبی امور کے مطابق پاکستان سے پہلی حج پرواز 29 اپریل کو روانہ ہوگی، جس کے بعد 342 پروازوں کے ذریعے عازمین حج کو حجاز مقدس پہنچایا جائے گا۔

پاکستان سے سرکاری حج سکیم کے تحت 89 ہزار عازمین کو مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ لے جایا جائے گا۔ حج آپریشن 33 روز تک جاری رہے گا، اور اس دوران حج پروازوں کے پہلے 15 دنوں میں عازمین کو مدینہ منورہ پہنچایا جائے گا۔

ایئر لائنز پی آئی اے، سیرین ایئر، ایئر بلیو، ایئر سیال اور سعودی فضائی کمپنی اس حج آپریشن میں شریک ہیں۔ پہلی پرواز 29 اپریل کو لاہور سے روانہ ہوگی، جب کہ دیگر پروازیں اسلام آباد، کراچی، کوئٹہ اور ملتان سے بھی روانہ ہوں گی۔

اسلام آباد سے پی آئی اے کی پرواز پی کے 713، لاہور سے ایئر سیال کی پرواز پی ایف 7700، کوئٹہ سے پی آئی اے کی پرواز پی کے 7201، ملتان سے پی آئی اے کی پرواز پی کے 715 اور کراچی سے سیرین ایئر کی پرواز ای آر 1611 روانہ ہوں گی۔

تمام انتظامات کے تحت یہ پروازیں عازمین کو مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ پہنچائیں گی، اور اس بار حج آپریشن کے آغاز پر 6 پروازیں سعودی عرب روانہ ہوں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں