کورنگی میں غیرقانونی تعمیرات اوررشوت ستانی کا انکشاف، شہری نے تھانے سے رجوع کرلیا

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)ضلع کورنگی میں غیرقانونی تعمیرات کے خلاف مبینہ طور پر رشوت لینے اور دباؤ ڈالنے کے ایک اور واقعے نے جنم لے لیا ہے، جس کے بعد شہری نے متعلقہ تھانے سے رجوع کر لیا ہے۔ذرائع کے مطابق کورنگی سیکٹر 31 میں تعینات بلڈنگ انسپکٹر عمران آرائیں کے خلاف ایک شہری جہانگیر نے شکایت درج کرائی ہے۔ شہری کا مؤقف ہے کہ بلڈنگ انسپکٹر کی جانب سے مبینہ طور پر غیرقانونی تعمیرات کے نام پر بھتے کا مطالبہ کیا گیا اور عدم ادائیگی پر عمارت کے خلاف انہدامی کارروائی کی دھمکیاں دی گئیں۔

شکایت میں یہ بھی الزام عائد کیا گیا ہے کہ مبینہ طور پر سیکٹر 31 میں جاری تعمیرات کے حوالے سے لاکھوں روپے کی رشوت طلب کی گئی، جس میں تقریباً 30 لاکھ روپے کے مبینہ معاملات کا ذکر سامنے آیا ہے۔مزید بتایا گیا ہے کہ شہری کی جانب سے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (SBCA) کے متعلقہ افسر کے خلاف باقاعدہ درخواست بھی جمع کرائی گئی ہے۔دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ غیرقانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی روکنے کے عوض مبینہ طور پر 5 لاکھ روپے رشوت کا مطالبہ بھی سامنے آیا ہے۔

ادھر علاقے میں یہ الزامات سامنے آنے کے بعد سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے بعض افسران پر کرپشن کے الزامات اور ادارے کی ساکھ متاثر ہونے سے متعلق باتیں بھی زیر گردش ہیں۔تاہم تاحال متعلقہ افسر یا ادارے کی جانب سے ان الزامات پر کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں