اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے شہر میں واقع تمام اہم ہائیکنگ ٹریلز کو بند کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق ٹریل 2، ٹریل 3، ٹریل 4، ٹریل 5 اور سیدپور گاؤں کے عقب میں واقع ٹریل کو آج (20 اپریل 2026) سے تاحکمِ ثانی عام شہریوں کے لیے بند رکھا جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام عوامی مفاد اور انتظامی وجوہات کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ بندش کے دوران ان مقامات پر ہر قسم کی عوامی سرگرمی پر مکمل پابندی ہوگی۔
انتظامیہ نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ فیصلے پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ ان اداروں میں اسلام آباد پولیس، سی ڈی اے اور وزارت داخلہ سمیت دیگر متعلقہ محکمے شامل ہیں۔
شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ حکومتی ہدایات پر عمل کریں اور بندش کے دوران ان ہائیکنگ ٹریلز کا رخ کرنے سے گریز کریں۔


