ڈی آئی جی کا ایکشن، مختلف الزامات پر 19 پولیس اہلکار معطل

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)ڈی آئی جی ساؤتھ نے ایکشن لیتے ہوئے مختلف الزامات پر 19 پولیس اہلکاروں کو معطل کردیا ہے۔کیماڑی ضلع کے پولیس افسران غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث پائے گئے، اینٹی کرپشن اور اینٹی اسمگلنگ ڈرائیو کے تحت پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔

ڈی آئی جی ساؤتھ زون سید اسد رضا کے دستخط سے باقاعدہ معطلی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے اور متعلقہ افسران کو نوٹیفکیشن پر فوری رپورٹ اور عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ڈی آئی جی نے معطل اہلکاروں کے خلاف باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کردیا ہے اور فوری معطل کا حکم جاری کیا ہے۔

جن پولیس اہلکاروں کو معطل کیا گیا ہے ان میں مختلف تھانوں کے اے ایس آئی، ہیڈ کانسٹیبل اور کانسٹیبل شامل ہیں، تمام معطل اہلکاروں کو سسپینڈڈ مین کمپنی، گارڈں ہیڈ کوارٹرز منتقل کردیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق معطل اہلکار روزانہ کی بنیاد پر رول کال اور پریڈ میں شرکت کے پابند ہوں گے، تحقیقات کی تکمیل تک اہلکاروں کی تنخواہیں قواعد و ضوابط کے مطابق جاری رہیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں