سرسید یونیورسٹی میں آٹھویں کثیرالموضوعاتی بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی نے مہران یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے اشتراک سے آٹھویں کثیرالموضوعاتی بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کیا۔ اس سال کانفرنس کا موضوع تھا: “ایک لچکدار اور پائیدار ICT انفراسٹرکچر کے لیے AI پر مبنی انوویشن”، جس نے مقامی اور بین الاقوامی ریسرچ اسکالرز کو اپنی طرف متوجہ کیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی سرسید یونیورسٹی کے چانسلر محمد اکبر علی خان تھے۔

کانفرنس میں بین الاقوامی اور قومی ممتاز محققین نے اپنے تحقیقی مقالے پیش کیے، جن میں یونیورسٹی آف دی ویسٹ آف اسکاٹ لینڈ کے پروفیسر ڈاکٹر محمد ذیشان شاکر، نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (NUST) کے ڈاکٹر علی حسن اور برطانیہ سے ڈاکٹر عاطف صدیقی شامل تھے۔ انہوں نے جدید ٹیکنالوجیز اور تحقیقی پیش رفت پر روشنی ڈالی۔

چانسلر محمد اکبر علی خان نے کہا کہ اکیڈمی اور صنعت کے درمیان تعاون ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے نہایت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی کانفرنسز ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز اور پائیدار مستقبل کے فروغ میں محققین اور پیشہ ور افراد کے لیے بہترین پلیٹ فارم فراہم کرتی ہیں۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر افضل حق نے کانفرنس کو علم کے تبادلے اور جدید تحقیق کے فروغ کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ پلیٹ فارم مستقبل کے لیے اختراع اور تعاون کو فروغ دیتا ہے۔

آئی ٹرپل ای کراچی سیکشن کے چیئر پروفیسر ڈاکٹر بھوانی شنکر چودھری نے کہا کہ کانفرنس ملکی اور معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہے جبکہ پروفیسر ڈاکٹر محمد عامر نے کہا کہ کانفرنس نے آٹومیشن اور جدید تکنیکی رجحانات پر روشنی ڈالی۔

انسٹی ٹیوشن آف انجینئرز پاکستان (IEP) کراچی کے چیئرمین فاروق عربی نے بھی کانفرنس کی اہمیت پر زور دیا اور انجینئرنگ اور ٹیکنالوجی میں جدت کے فروغ کے لیے ایسے پلیٹ فارمز کی ضرورت اجاگر کی۔

اختتامی تقریب میں رجسٹرار کموڈور (ر) سید سرفراز علی نے اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ کانفرنس نہ صرف معلومات کے تبادلے کا ذریعہ ہے بلکہ معاشرتی بہتری کے لیے تحقیق اور اختراع کو فروغ دینے کا ذریعہ بھی بنتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں