چیئرمین ایچ ای سی کا جی سی یونیورسٹی حیدرآباد کا دورہ، متعدد ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح

حیدرآباد(ایچ آراین ڈبلیو)ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) پاکستان کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر (ستارۂ امتیاز) نے جی سی یونیورسٹی حیدرآباد کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر معظم علی خان نے ان کا استقبال کیا۔دورے کے دوران چیئرمین ایچ ای سی نے یونیورسٹی کی انتظامیہ سے ملاقات کی اور انہیں ادارے کی تعلیمی پیش رفت، جاری منصوبوں اور مستقبل کی حکمت عملی پر بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے کہا کہ کالج سے یونیورسٹی کا درجہ حاصل کرنے کے بعد ادارہ ترقی کے ایک اہم مرحلے میں داخل ہو چکا ہے، اور اگر یہی تسلسل اور تعلیمی وژن برقرار رہا تو یہ جلد ایک نمایاں تعلیمی ادارہ بن سکتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ دنیا کی کئی معروف جامعات بھی ابتدا میں کالج تھیں، مگر محنت، نظم و ضبط اور وژن کے باعث آج عالمی سطح پر ممتاز مقام رکھتی ہیں۔

چیئرمین ایچ ای سی نے اساتذہ اور طلبہ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ دیانت داری، محنت اور نظم و ضبط تعلیمی کامیابی کی بنیادی شرائط ہیں۔دورے کے دوران انہوں نے آئی سی پی سی ٹیم کے تیار کردہ آن لائن کیمپس مینجمنٹ سسٹم (CMS) کا افتتاح کیا، جبکہ شعبہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی عمارت میں آئی ٹی سیمینار ہال اور مرکزی کیفے ٹیریا کا بھی افتتاح کیا گیا، جسے طلبہ کے لیے اہم سہولت قرار دیا گیا۔

اختتام پر وائس چانسلر نے چیئرمین ایچ ای سی کو اجرک اور سندھی ٹوپی پیش کی جبکہ یادگاری شیلڈ بھی دی گئی۔ دورہ اس عزم کے ساتھ مکمل ہوا کہ ایچ ای سی اور یونیورسٹی کے درمیان تعلیمی و ادارہ جاتی تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں