مقامی حکومتوں کو مضبوط بنانے سے متعلق تربیتی سیشن کا انعقاد

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)لیگل رائٹس فورم (LRF) نے آواز سی ڈی ایس–سینٹر فار ڈویلپمنٹ سروسز کے اشتراک سے ہوٹل مہران کراچی میں “مقامی حکومتوں کو مضبوط بنانے” کے موضوع پر ایک تربیتی سیشن منعقد کیا۔اس سیشن کا مقصد سیاسی جماعتوں کے کارکنان میں مقامی طرزِ حکمرانی اور پارٹی منشور سے متعلق آگاہی کو بڑھانا اور اس حوالے سے موجود معلوماتی خلا کو پر کرنا تھا۔

مختلف جماعتوں کے کارکنان نے سیشن میں شرکت کی، جن میں پاکستان پیپلز پارٹی (PPP)، عوامی نیشنل پارٹی (ANP)، تحریک انصاف (PTI)، متحدہ قومی موومنٹ (MQM) اور مسلم لیگ (ن) (PML-N) کے نمائندگان شامل تھے۔ شرکاء کو مقامی حکومتوں کے ڈھانچے، کردار اور اہمیت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

سیشن میں آئینِ پاکستان کے آرٹیکل 140-A پر خصوصی گفتگو کی گئی، جس کے تحت مقامی حکومتوں کو سیاسی، انتظامی اور مالی اختیارات کی منتقلی کو یقینی بنایا جاتا ہے۔ شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ آئینی شق کے باوجود اس پر مؤثر عملدرآمد ایک بڑا چیلنج ہے۔
ٹریننگ سیشن کی قیادت آواز سی ڈی ایس کے نمائندے انور حسین نے کی، جنہوں نے مقامی حکومتوں کے نظام، قانونی فریم ورک اور عملی مسائل پر تفصیلی بریفنگ دی۔

LRF کی جانب سے مس شریں اسد زؤر اور مس عائشہ سومرو نے سیشن کی تنظیم اور انتظامی امور میں اہم کردار ادا کیا۔
اختتام پر شرکاء نے بروقت بلدیاتی انتخابات کے انعقاد، آئینی مدت کی تکمیل اور مقامی حکومتوں کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔منتظمین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہری شعور، سیاسی شمولیت اور شفاف مقامی نظامِ حکمرانی کے فروغ کے لیے ایسی سرگرمیاں آئندہ بھی جاری رکھی جائیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں