کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)برصغیر کے عظیم صوفی بزرگ سلطان الہند حضرت خواجہ معین الدین حسن چشتی اجمیریؒ کے عرس کے سلسلے میں تقریب منعقد کی گئی جس میں علماء کرام اور ثناء خواں کے علاوہ عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی،اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نائب سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد شاہد غوری نے کہا ہے کہ حضرت خواجہ غریب نواز نے محبت،رواداری،اخوت اور خدمت خلق کا درس دیا،خواجہ غریب نواز کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر ہی نفرتوں کو ختم اور اتحاد ویکجہتی کو فروغ دیاجاسکتا ہے،خواجہ غریب نواز نے برصغیر پاک وہند میں ظلمتوں اور جہالتوں کو دین اسلام کی تعلیمات سے ختم اور احترام انسانیت اور خلق خدا کی خدمت کو شعاربنایا اورانصاف کا پرچم بلند کیا،آپ نے99لاکھ سے زائد غیر مسلموں کو مشرف بااسلام کیا،سلطان الہند خواجہ غریب نوازؒ نے اپنی پوری زندگی محبت، رواداری، اخوت اور خدمتِ خلق کے فروغ کے لیے وقف کر دی تھی موجودہ دور میں حضرت خواجہ غریب نواز کی تعلیمات کو فروغ دے کر پائیدار امن قائم کیا جاسکتا ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہلسنت پر منعقد عرس کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر مرکزی رہنماؤں میں محمد مبین قادری،محمد آفتاب قادری،محمد سلیم قادری،مرکزی رابطہ کمیٹی کے مرتضیٰ قادری،علماء بورڈ علامہ محمود قادری،مفتی خالد کمال قادری،کراچی رابطہ کمیٹی کے ارکان محمد فرقان قادری،محمد فرحان راجپوت،محمد عارف منصوری،محمد عالم قادری،انورسجاد قادری،شہزاد آرائیں،صاحبزادہ بلال بھٹی،عامر قادری،عمران سعیدی ودیگر موجود تھے،محمد شاہد غوری نے کہا کہ معاشرے میں امن، برداشت اور باہمی احترام کو فروغ دینا ہے تو صوفیاء کرامؒ کے اسوہ حسنہ کو اپنانا ہوگا،حق وصداقت کا پرچم بلند اور ظلم وناانصافی کے خاتمے کیلئے کوشاں رہے،خواجہ غریب نواز نے نفرتوں کو ختم اور محبتوں کو عام کرکے بھائی چارگی اور اتحاد کو فروغ دیا، دین اسلام کے پرچم کو بلند اورر انصاف کی بالادستی کیلئے خواجہ غریب نواز کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں،پاکستان کے موجودہ حالات میں اولیاء اللہ کی تعلیمات اور زندگیوں کو مد نظر رکھتے ہوئے اصلاحات کی جائیں مزارات اور خانقاہیں صدیوں سے معاشرے کی بھلائی اور امن کا پیغام دے رہی ہیں،اولیاء اللہ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر ہی دنیا میں امن قائم کیا جاسکتا ہے۔


