لاہور(ایچ آراین ڈبلیو) تحریک لبیک یا رسول اللہ صلی اللہ علیک وسلم و تحریک صراط مستقیم کے زیر اہتمام جامع مسجد رضائے مجتبیٰ میں ”عظمتِ توحید کانفرنس” کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تحریک لبیک یارسول اللہ صلی اللہ علیک وسلم کے سربراہ اور تحریک صراط مستقیم کے بانی ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا: بندوں پر اللہ تعالیٰ کا بنیادی حق یہ ہے کہ اسے وحدہ لا شریک مانیں۔ شرک ظلم عظیم ہے اور مشرک کی ہرگز مغفرت نہیں ہو گی۔ تمام انبیاء کرام علیہم السلام نے لوگوں کو توحید کا پیغام دیا۔ توحید کا مطلب یہ ہے کہ اللہ جل جلالہ ہی واجب الوجود اور وہی مستحق عبادت ہے۔ اس کے اذن کے بغیر کوئی بھی کائنات کا پتہ بھی نہیں ہلا سکتا مگر اس کے اذن اور توفیق سے اس کے مقربین بہت کچھ کر سکتے ہیں۔ اسے کوئی روک نہیں سکتا، اس کی مرضی چاہے تو وہ خود کسی کی مدد کرے چاہے تو وہ کسی کو اپنی مدد کا مظہر بنا دے۔ لفظ ”اللہ” ذاتِ خداوندی کے سوا کسی پر بولنا جائز نہیں۔ جو اللہ تعالیٰ کے سوا کسی اور کو ”اللہ” کہے گا تو مشرک ہو جائے گا۔ پچھلے دنوں کچھ لوگوں نے سیہون شریف اعلانیہ جلوس کی شکل میں حضرت سیدنا علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہ کو معاذ اللہ ”اللہ” کہا۔ قیامت کے دن حضرت علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہ تو ایسے لوگوں سے برأت کا اعلان کر دیں گے لیکن ان لوگوں کو جہنم کا دائمی عذاب ہو گا۔ حکومت اللہ تعالیٰ کی توہین کرنے والے ان لوگوں کو گرفتار کرے اور قرار واقعی سزا دے۔ توحید کے نام پر بننے والی اس سلطنت میں اس قدر توہینِ خداوندی برداشت نہیں ہے۔


