انقرہ/استنبول(ایچ آراین ڈبلیو)پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مشترکہ کمانڈو اور اسپیشل فورسز کی مشق “جناح-XIII” ترکیہ میں کامیابی سے مکمل کر لی گئی، جس کا بنیادی فوکس انسدادِ دہشت گردی آپریشنز تھا۔
اس مشق میں پاکستان فوج کی جنگی ٹیموں نے ترکیہ کی اسپیشل فورسز کے ساتھ حصہ لیا، جبکہ تربیتی سرگرمیاں انقرہ اور اسپارتا میں منعقد کی گئیں۔
مشق کے دوران دونوں ممالک کے جوانوں نے پیشہ ورانہ مہارت، اعلیٰ تربیتی معیار اور آپریشنل ایکسیلنس کا شاندار مظاہرہ کیا۔ حکام کے مطابق یہ مشق اپنے تمام تربیتی اور عسکری سفارتی اہداف حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔
مشق کا بنیادی مقصد انسدادِ دہشت گردی سے متعلق حکمت عملی، طریقۂ کار اور تکنیکوں کو مزید بہتر بنانا تھا۔ اس دوران بالخصوص شہری علاقوں میں جنگی کارروائی اور دیسی ساختہ بارودی مواد (IEDs) سے نمٹنے کی تربیت پر خصوصی توجہ دی گئی۔
یہ مشق دونوں برادر ممالک کے درمیان دیرینہ اور تاریخی عسکری تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں بھی اہم ثابت ہوئی، جس سے دفاعی تعاون کو نئی جہت ملی ہے۔


