جعلی میڈیکل سرٹیفکیٹس جمع کرانے پر عدالت کا خاتون پولیس افسر کے خلاف کارروائی کا حکم

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت نے جعلی میڈیکل سرٹیفکیٹس جمع کرانے پر خاتون پولیس افسر ندا جنید (اے ایس پی / ایس ڈی پی او ڈیفنس) کے خلاف فوجداری کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔

عدالت کی جانب سے جاری تحریری حکم نامے کے مطابق خاتون اے ایس پی نے عدالت میں غیر حاضری پر جاری شوکاز نوٹس کے جواب میں میڈیکل سرٹیفکیٹس پیش کیے تھے۔ عدالت نے سرٹیفکیٹس کی تصدیق کے لیے متعلقہ اسپتال سے رپورٹ طلب کی، جس میں واضح کیا گیا کہ پیش کردہ میڈیکل سرٹیفکیٹس جعلی ہیں۔

اسپتال کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ مذکورہ تاریخوں پر پولیس افسر کے نام سے نہ کوئی وزٹ ہوا، نہ علاج کیا گیا اور نہ ہی کوئی میڈیکل سرٹیفکیٹ جاری کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق پیش کردہ دستاویزات اسپتال کے ریکارڈ سے مطابقت نہیں رکھتیں اور یہ سرٹیفکیٹس اسپتال کی جانب سے جاری کردہ نہیں ہیں۔

حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ اسپتال کی رپورٹ کی بنیاد پر خاتون پولیس افسر کو ایک اور شوکاز نوٹس جاری کیا گیا، جس پر ایس ڈی پی او ڈیفنس نے مؤقف اختیار کیا کہ سرٹیفکیٹس نیک نیتی میں جمع کرائے گئے تھے۔ تاہم عدالت نے ریکارڈ اور شواہد کی روشنی میں معاملے کو سنگین قرار دیتے ہوئے فوجداری کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں