حیدرآباد(ایچ آراین ڈبلیو)حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے صدر سلیم میمن نے مشرقِ وسطیٰ میں حالیہ کشیدگی کے تناظر میں پاکستان کے مثبت، متوازن اور مؤثر سفارتی کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ملک نے عالمی سطح پر امن کے قیام میں ایک ذمہ دار اور باوقار ریاست ہونے کا عملی ثبوت دیا ہے۔
سلیم میمن نے بالخصوص فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں کی جانے والی سفارتی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ دو ہفتوں کی جنگ بندی کے حصول میں پاکستان کا کردار نہایت اہم اور بروقت تھا، جس نے خطے کو ایک ممکنہ تباہ کن جنگ سے بچانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ جنگ بندی کے اعلان کے فوری بعد عالمی سطح پر مثبت معاشی اثرات دیکھے گئے، جہاں بین الاقوامی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں 110 ڈالر فی بیرل سے کم ہو کر تقریباً 90 ڈالر پر آگئیں۔ اس کے نتیجے میں پاکستان جیسے درآمدی معیشت رکھنے والے ملک کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا، اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے ساتھ مہنگائی میں بھی کمی متوقع ہے۔
صدر چیمبر نے مزید کہا کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں غیر معمولی تیزی دیکھی گئی، جہاں KSE-100 انڈیکس میں 12 ہزار سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو سرمایہ کاروں کے پاکستان کے سفارتی کردار اور خطے میں امن کے امکانات پر اعتماد کا مظہر ہے۔
سلیم میمن نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فوری فائدہ عوام اور کاروباری طبقے تک منتقل کیا جائے تاکہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ہو اور مہنگائی کے بوجھ تلے دبے عوام اور چھوٹے تاجروں کو حقیقی ریلیف فراہم کیا جا سکے۔


