3

نیو کراچی گودھرا میں بلدیاتی اسکول کی نئی عمارت اور تزین و آرائش کے بعد افتتاح

کراچی ( ایچ آراین ڈبلیو) نیو کراچی ٹاؤن کے سیکٹر 11-G میں نو تعمیر شدہ گورنمنٹ گرامر شیخ سعدی اسکول میں داخلوں کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا۔ وائس چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن شعیب بن ظہیر نے بچوں سے داخلہ فارم وصول کرکے داخلہ مہم کا افتتاح کیا۔افتتاحی تقریب میں یوسی 10 کے چیئرمین فیصل قاری،یوسی وائس چیئرمین اویس قادری،ڈائریکٹر ایجوکیشن نیو کراچی ٹاؤن سید مزمل،ڈپٹی ڈائریکٹر ایجوکیشن محمد زاہد،تعلیمی اسٹینڈنگ کمیٹی کے ممبران،ڈائریکٹر انکروچمنٹ عبدالرحمن،اساتذہ اور والدین کی بڑی تعداد موجود تھی۔واضح رہے کہ گورنمنٹ گرامر شیخ سعدی اسکول کو جدید تعلیمی تقاضوں کے مطابق تعمیر کیا گیا ہے، جہاں طلبہ کو بہتر اور معیاری تعلیمی ماحول فراہم کرنے کے لیے جدید سہولیات سے آراستہ کلاس رومز، اعلیٰ معیار کا فرنیچر اور دیگر بنیادی سہولیات مہیا کی گئی ہیں۔ اسکول میں تربیت یافتہ اور تجربہ کار اساتذہ کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں تاکہ بچوں کو معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ ان کی ذہنی اور تخلیقی صلاحیتوں کو بھی نکھارا جاسکے۔اسکول میں ون، ٹو، تھری اور کے جی کلاسز میں داخلوں کا آغاز کیا گیا ہے۔ اس موقع پر والدین اور اہل علاقہ کی جانب سے اسکول کے قیام اور داخلوں کے آغاز کو خوش آئند قرار دیا گیا۔اس موقع پر وائس چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن شعیب بن ظہیر نے والدین او ر اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گورنمنٹ گرامر شیخ سعدی اسکول کا قیام نیو کراچی ٹاؤن میں سرکاری سطح پر معیاری تعلیم کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ ہمارا مقصد صرف بچوں کو اسکول کی سہولت فراہم کرنا نہیں بلکہ انہیں ایسا تعلیمی ماحول دینا ہے جہاں وہ اپنی صلاحیتوں کو بھرپور انداز میں اجاگر کرسکیں۔انہوں نے کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن کے بچوں میں بے پناہ تعلیمی صلاحیتیں موجود ہیں، ضرورت صرف انہیں بہتر مواقع اور مناسب رہنمائی فراہم کرنے کی ہے۔ شیخ سعدی اسکول میں جدید تعلیمی سہولیات اور تجربہ کار اساتذہ کی موجودگی سے علاقے کے بچوں کی تعلیمی کارکردگی، ذہنی استعداد اور تخلیقی صلاحیتوں میں نمایاں بہتری آئے گی۔شعیب بن ظہیر نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ اس اسکول میں بچوں کو ایسی معیاری تعلیم فراہم کی جائے جو کسی بھی اچھے نجی اسکول سے کم نہ ہو۔ انشاء اللہ وہ وقت آئے گا جب والدین اپنے بچوں کو سرکاری اسکول میں داخل کراتے ہوئے فخر محسوس کریں گے اور سرکاری تعلیمی ادارے والدین کی پہلی ترجیح بنیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ معیاری تعلیم ہر بچے کا حق ہے اور بلدیاتی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ بچوں کو بہتر تعلیمی ماحول فراہم کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ شیخ سعدی اسکول کو ایک مثالی تعلیمی ادارہ بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے تاکہ یہاں سے تعلیم حاصل کرنے والے بچے مستقبل میں اپنے خاندان، علاقے اور ملک کا نام روشن کرسکیں۔انہوں نے کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن میں تعلیمی سہولیات کی بہتری کا یہ سفر جاری رہے گا اور جہاں بھی بچوں کو بہتر تعلیمی مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہوگی، وہاں ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں