اسلام آباد ہائیکورٹ میں پراپرٹی کیس: چھ ملزمان کی ضمانت خارج، دو فرار، چار گرفتار

اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)اسلام آباد ہائیکورٹ میں زیرِ سماعت پراپرٹی کیس میں عدالت نے چھ ملزمان کی ضمانت خارج کر دی، جس کے بعد دو ملزمان فرار ہو گئے جبکہ چار کو گرفتار کر لیا گیا۔

عدالت کی جانب سے ضمانت خارج ہونے پر وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) نے فوری طور پر گرفتاریاں کرنے کی کوشش کی۔ اس موقع پر احاطۂ عدالت میں وکلاء اور ایف آئی اے اہلکاروں کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی۔ ایک وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ “آپ یہاں سے گرفتاری نہیں کر سکتے”، جس پر ایف آئی اے اہلکار نے جواب دیا کہ “ہم گرفتاری کر سکتے ہیں۔”

ذرائع کے مطابق احاطۂ عدالت میں ویڈیو بنانے پر ایک شہری کا موبائل فون بھی توڑ دیا گیا۔ اس دوران ایک ایف آئی اے اہلکار نے اکیلے ہی مزاحمت کرتے ہوئے ایک ملزم کو فرار ہونے سے روک لیا۔ بعد ازاں ملزم کو ہائیکورٹ کے سیکیورٹی روم میں بٹھا دیا گیا۔

اطلاعات کے مطابق ایف آئی اے حکام چاروں گرفتار ملزمان کو سیکیورٹی روم لے گئے اور بعد میں انہیں اپنی تحویل میں لے کر ہائیکورٹ سے روانہ ہو گئے، جبکہ دو ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں