استحکامِ پاکستان آرگنائزیشن کی جانب سے قائدِ اعظمؒ کی 149ویں سالگرہ کی مناسبت سےکیک کاٹاگیا

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)استحکامِ پاکستان آرگنائزیشن کی جانب سے فادر آف پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناحؒ کی 149ویں سالگرہ کے موقع پر گلشن گیلانی ہاؤس میں ایک پروقار اور بامقصد تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا اور بعد ازاں بابائے قوم کی خدمات، اصولی سیاست اور قیامِ پاکستان کے لیے دی گئی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔

تقریب میں آرگنائزیشن کے عہدیداران، سرپرست سید برکات رضوی، صدر سید رفعت زیدی، سیکرٹری جنرل سید ریاض شاہ، سینئر وائس چیئرمین نواب الدین قریشی، وائس چیئرمین شہزاد قریشی، کوآرڈینیٹر حامد شیخ، ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبران محمد احمد ارائیں، محمد نعمان میمن، منیب خان، قاری سعد اللّہ خان کے علاوہ مختلف شعبۂ زندگی سے تعلق رکھنے والے نوجوان اور سماجی شخصیات نے شرکت کی۔

چیئرمین استحکامِ پاکستان محمد احسن ناغڑ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائدِ اعظمؒ کی فکر، فلسفہ اور قومی وژن کے بغیر پاکستان کی ترقی ممکن نہیں، اور موجودہ چیلنجز کا حل ایمان، اتحاد اور نظم میں مضمر ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائدؒ صرف ایک عظیم رہنما ہی نہیں بلکہ قانون، جمہوریت اور آئین کی بالادستی کے علمبردار بھی تھے۔

سرپرست اعلیٰ پیر الحاج گلشن الٰہی قادری چشتی فریدی نے نوجوان نسل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ قائدِ اعظمؒ کو نوجوانوں سے خصوصی توقعات تھیں، اور نوجوانوں کو تعلیم، کردار اور نظم و ضبط کے ذریعے ملک کی ترقی میں قائدانہ کردار ادا کرنا ہوگا۔

تقریب کے دوران قائدِ اعظمؒ کی سالگرہ کا کیک کاٹا گیا اور شرکاء نے پاکستان کی سلامتی، استحکام، خوشحالی اور ترقی کے لیے دعائیں کیں۔ اختتام پر شرکاء نے عزم ظاہر کیا کہ وہ بابائے قوم کے افکار پر عمل کرتے ہوئے ایک مضبوط، خودمختار اور خوشحال پاکستان کی تعمیر میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں