آرمی پبلک اسکول سانحے کا درد آج بھی قوم کے دل میں تازہ ہے: احسن نغور

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)استحکام پاکستان آرگنائزیشن کے زیرِ اہتمام آرمی پبلک اسکول پشاور کے شہداء کی یاد میں ایک باوقار اور پُراثر دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے دوران معصوم شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے شمعیں روشن کی گئیں۔

تقریب میں استحکام پاکستان آرگنائزیشن کے چیئرمین محمد احسن نغور، سینئر نائب چیئرمین نواب الدین قریشی، صدر سید رفعت زیدی، سیکریٹری جنرل سید ریاض شاہ، نائب چیئرمین شہزاد قریشی، کوآرڈینیٹر حمید علی شیخ، ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین محمد نعمان میمن، منیب خان، قاری سعداللہ خان، محمد احمد آرائیں، فیصل اکبر اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

اس موقع پر شہداء کے درجات کی بلندی، ان کے لواحقین کے لیے صبرِ جمیل اور پاکستان میں امن و استحکام کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین استحکام پاکستان آرگنائزیشن محمد احسن نغور نے کہا کہ آرمی پبلک اسکول پشاور کا سانحہ آج بھی قوم کے دل میں اسی شدت سے نقش ہے جیسے پہلے دن تھا۔ انہوں نے کہا کہ اے پی ایس کے شہداء قوم کے درخشاں ستارے ہیں جن کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ 16 دسمبر ملکی تاریخ کا سیاہ دن ہے جسے کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

محمد احسن نغور کا کہنا تھا کہ یہ سانحہ پوری قوم کے لیے ایک بڑا امتحان تھا، جس میں پاکستانی عوام نے اتحاد، حوصلے اور عزم کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر اس ناسور کے خاتمے میں اہم کردار ادا کیا، جس کے نتیجے میں دہشت گردی پر بڑی حد تک قابو پایا گیا۔ تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ دہشت گرد عناصر ایک بار پھر سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، جن کا افواجِ پاکستان پوری قوت اور عزم کے ساتھ مقابلہ کر رہی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہداء کا خون قوم کو یہ واضح پیغام دیتا ہے کہ پاکستان کے مستقبل، امن اور ترقی کے لیے قربانیاں دینا ناگزیر ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ استحکام پاکستان آرگنائزیشن ملک بھر میں امن، رواداری اور قومی یکجہتی کے فروغ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

تقریب کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، استحکام اور شہداء کے مشن کی تکمیل کے لیے اجتماعی دعا کی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں