معذور افراد کے روزگار اور تعلیم کے لیے جامع اقدامات جاری

حیدرآباد(ایچ آراین ڈبلیو)حکومتِ سندھ معذور افراد کو مختص کوٹہ کے تحت روزگار فراہم کرنے کے لیے جامع اور شفاف حکمتِ عملی پر عمل پیرا ہے۔ یہ بات ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ والنٹری ایجنسیز حیدرآباد، شفقت علی سولنگی نے ’’حیدرآباد ویلفیئر ایسوسی ایشن آف دی بلائنڈ‘‘ کی جانب سے ادارہ تعلیم، تربیت و تحفظ برائے نابینا افراد لطیف آباد میں عالمی یومِ معذورین کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے بحیثیتِ مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔

تقریب میں تنظیم کے صدر عبدالرشید خان، جنرل سیکرٹری اے ڈی پیرذادہ، سینیئر نائب صدر حاجی محمد یاسین ارائیں، ادارے کی انچارج میڈم شہناز اور بصارت سے محروم بچوں سمیت بڑی تعداد میں افراد نے شرکت کی۔ بچوں نے ملی نغمے، تقاریر اور ٹیبلو پیش کر کے حاضرین سے خوب داد سمیٹی۔

شفقت علی سولنگی نے کہا کہ معذور افراد کے لیے 5 فیصد ملازمت کوٹہ پر عمل درآمد کو شفاف بنانے کے لیے ڈپٹی کمشنر کی سطح پر کمیٹیاں قائم کی گئی ہیں تاکہ کسی کی حق تلفی نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ بصارت سے محروم افراد معاشرے کا اہم ستون ہیں اور ان کی تعلیم، تربیت اور نگہداشت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

اے ڈی پیرذادہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ عالمی یومِ معذورین منانے کا مقصد معذور اور بصارت سے محروم افراد کے حقوق کو اجاگر کرنا اور انہیں معاشرے میں باوقار مقام دلانا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ادارہ نابینا افراد کو مفت جدید اور فنی تعلیم فراہم کر رہا ہے تاکہ وہ ہنر مند بن کر معاشرے کے مفید شہری ثابت ہوں۔

حاجی محمد یاسین ارائیں نے مخیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ بصارت سے محروم افراد کی فلاح کے اداروں کی مالی معاونت کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد اس سہولت سے مستفید ہوسکیں۔

تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی نے بصارت سے محروم افراد میں کمبل، مچھردانیاں، ٹاکنگ واچز اور وائٹ کین تقسیم کیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں