حیدرآباد: شان سہگل کا SABS یونیورسٹی کے 19ویں سالانہ ڈگری شو کی نمائش کا دورہ، طلبہ کو کاروباری رجسٹریشن اور مواقع کے لیے رہنمائی

حیدرآباد (ایچ آراین ڈبلیو) حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے نائب صدر شان سہگل نے جامشورو میں SABS یونیورسٹی آف آرٹ، ڈیزائن اینڈ ہیریٹیج کے 19ویں ڈگری شو سالانہ تھیسس ڈسپلے/نمائش کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے طلبہ سے ملاقات کے دوران زور دیا کہ وہ اپنے کاروبار ایف بی آر کے ساتھ رجسٹر کروائیں اور چیمبر کی رجسٹریشن حاصل کر کے اپنے کاروبار کے فروغ کے لیے مواقع حاصل کریں۔ شان سہگل نے کہا کہ یہ اقدامات طلبہ کی کاروباری ساکھ کو مضبوط بناتے ہیں اور انہیں مستقبل میں بڑے کاروباری مواقع تک رسائی فراہم کرتے ہیں۔
نمائش کے دوران 101 طلبہ نے اپنے آرٹ ورک اور تھیسس پروجیکٹس پیش کیے، جن میں 37 آرکیٹیکچر، 27 فائن آرٹس، 21 ٹیکسٹائل ڈیزائن اور 19 کمیونیکیشن ڈیزائن کے طلبہ شامل تھے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ نے تخلیقی صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے مختلف موضوعات پر کام پیش کیا، جن میں ثقافتی شناخت، سماجی ابلاغ، مواد کی تبدیلی، آرٹ اور ٹیکنالوجی کے امتزاج، اور جدید عمارتوں اور کمیونٹی اسپیسز کی ڈیزائننگ شامل تھی۔
انہوں نے بہترین نمائش کے انعقاد پر وائس چانسلر SABS یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر عربیلا بھٹو اور ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد دی اور کہا کہ طلبہ کا آرٹ ورک نہ صرف ان کی تخلیقی صلاحیتوں کی عکاسی کرتا ہے بلکہ یہ ملک کے نرم اور مثبت امیج کو بھی اجاگر کرتا ہے۔
نائب صدر چیمبر شان سہگل نے اس موقع پر طلبہ کو ہدایت دی کہ وہ اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو کاروباری مواقع میں تبدیل کریں اور چیمبر کے پلیٹ فارم سے مستفید رہیں تاکہ وہ نہ صرف اپنی کاروباری شناخت مضبوط کریں بلکہ ملک کی معیشت میں بھی حصہ ڈالیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں