حیدرآباد(ایچ آراین ڈبلیو) بھائی خان ویلفیئر ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام ویلفیئر کے مرکزی دفتر میں سندھ کلچر ڈے کے حوالے سے ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر (وی اے) حیدرآباد شفقت علی سولنگی نے کہا کہ “سندھ پر صوفیا کرام اور بزرگوں کا خاص کرم رہا ہے، سندھ امن، محبت اور رواداری کی سرزمین ہے۔”
انہوں نے کہا کہ سندھی تہذیب اور سندھی زبان مہمان نوازی اور محبت کی پہچان ہیں جبکہ سندھی اجرک کا لال رنگ ایثار، محبت اور قربانی کی علامت ہے۔
تقریب میں صدر انجمن تاجران سندھ صلاح الدین غوری، بی کے ڈبلیو کے سرپرست حاجی اشرف علی عباسی، صدر عبداللطیف شیخ، فاؤنڈر جنرل سیکرٹری حاجی محمد یاسین ارائیں، محمد علی راجپوت، سینئر نائب صدر خان افتاب احمد خان، نائب صدر شاہد راجپوت، حاجی محمد اسماعیل شیخ، تعلقہ چیئرمین حاجی عبدالحمید مٹھو، مہا نور، نسیم اللہ خان سمیت معزز شخصیات نے شرکت کی۔
حاجی محمد یاسین ارائیں نے کہا کہ سندھ کی قدیم تاریخ اور ثقافت کو اجاگر کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے جبکہ نوجوان نسل کو سندھ کی تہذیب سے آگاہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
صلاح الدین غوری نے اپنے خطاب میں کہا کہ سندھ کی ثقافت صدیوں پرانی ہے اور اس دھرتی نے ہمیشہ لازوال قربانیاں پیش کی ہیں۔
عبداللطیف شیخ اور دیگر مقررین نے کہا کہ “سندھ کی ترقی ہی پاکستان کی ترقی ہے، ہم سب پر لازم ہے کہ صوبے کی تعمیر و ترقی میں بھرپور کردار ادا کریں۔”
تقریب کے اختتام پر شفقت علی سولنگی، حاجی اشرف علی عباسی اور حاجی محمد یاسین ارائیں نے مہمانوں کو سندھی ٹوپی اور اجرک کے تحائف پیش کیے۔


