کوٹری (ایچ آراین ڈبلیو) اسپیشل ایجوکیشن اینڈ ریہیبیلیٹیشن سینٹر کی جانب سے خصوصی افراد کے عالمی دن کے موقع پر ’’سماجی ترقی کے لیے اسپیشل افراد، معاشرے کی ترجیح‘‘ کے عنوان تَحت رنگا رنگ تقریب کا اہتمام کیا گیا۔
تقریب کے خاص مہمانوں میں ڈپٹی کمشنر جامشورو غضنفر علی قادری، پرنسپل/ڈائریکٹر اسپیشل ایجوکیشن اسکول کوٹری خالد سلیمان خاصخیلی، ایم ایس ڈی ایچ کیو اسپتال کوٹری ڈاکٹر برکت علی لغاری، وائس پرنسپل طالب حسین، سوشل کیس ورک آفیسر محمد نعمان پنہور، ڈپٹی ڈائریکٹر عاطف صدیقی، اسٹاف آفیسر عرفان علی چنہ، رجب علی شورو، الخدمت فاؤنڈیشن کے نمائندگان، اساتذہ، اسپیشل بچے اور دیگر معزز مہمان شامل تھے،
تقریب کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے کیا گیا۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر جامشورو غضنفر علی قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خصوصی افراد کے عالمی دن کو منانے کا مقصد خصوصی افراد کے حقوق، تعلیم، صحت اور فلاح و بہبود کے حوالے سے معاشرے میں مثبت شعور اجاگر کرنا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ خصوصی افراد کو معاشرے کا بااعتماد اور فعال حصہ سمجھتے ہوئے ان کے لیے محبت، تعاون اور برابری کے مواقع فراہم کرنا وقت کی ضرورت ہے۔
دیگر مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ انسانی ہمدردی، احترام اور رواداری ہی معاشرے میں حقیقی تبدیلی کا سبب بنتی ہے۔ خصوصی بچوں کو اعتماد، تربیت اور مدد فراہم کر کے بہتر مستقبل بخشا جا سکتا ہے۔
تقریب میں اسپیشل ایجوکیشن اسکول کے اساتذہ کی نگرانی میں بچوں نے سندھی ثقافت کی عکاسی کرنے والی دلکش پیشکشیں، لوک گیت اور فنون دکھائے جنہیں شرکاء کی جانب سے بے حد پسند کیا گیا۔ ’’علن فقیر‘‘ کے کردار پر مبنی خصوصی ٹیبلو تقریب کی توجہ کا مرکز رہا۔
اختتام پر ضلعی انتظامیہ جامشورو کی جانب سے اسپیشل بچوں میں انعامات اور شیلڈز تقسیم کی گئیں۔ شرکاء نے اسکول کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے تعلیمی و ریہیبیلیٹیشن عملے کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا،


