واپڈا کی جانب سے متعارف کردہ 118 کمپلینٹ ہیلپ لائن کے آغاز کا بھرپور خیر مقدم

حیدرآباد (ایچ آراین ڈبلیو)حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے صدر محمد سلیم میمن نے بجلی سے متعلق شکایات کے فوری اندراج اور مؤثر سرکاری رسپانس کے لیے واپڈا کی جانب سے متعارف کردہ 118 کمپلینٹ ہیلپ لائن کے آغاز کا بھرپور خیر مقدم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ جدید سسٹم عوام، تاجروں اور صنعت کاروں کو سہولت فراہم کرنے اور پاور سیکٹر میں شفافیت بڑھانے کی جانب ایک مثالی قدم ہے۔ انہوں نے وزیراعظم، وفاقی وزیر توانائی اور اس منصوبے سے وابستہ تمام اداروں کو اس اہم عوامی خدمت کی فراہمی پر خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ حیدرآباد چیمبر موثر ہیلپ لائن کے بارے میں اپنی سفارشات متعدد بار لیٹرز میں لکھ چکا ہے جسے اب بالآخر عملی جامع پہنا دیا گیا ہے۔صدر چیمبر سلیم میمن نے اپنے بیان میں کہا کہ 118 ہیلپ لائن کا آغاز اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ حکومت ٹیکنالوجی کو عوامی خدمت کا مرکزی حصہ بنانے کے لیے سنجیدہ ہے۔ جدید دور میں صارفین کی تسلی اور فوری رسپانس کسی بھی سروس کا بنیادی تقاضا ہے، اور یہ ہیلپ لائن اسی سمت ایک عملی پیش رفت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسی ٹیکنالوجی کی شمولیت سے نہ صرف ڈیٹا کی شفافیت بڑھے گی بلکہ اداروں کی کارکردگی کا درست اندازہ بھی ممکن ہوگا۔تاہم انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ سروس محض تشہیری یا نمائشی نہ ہو، بلکہ ہر شکایت پر فوری، ذمہ دارانہ اور مؤثر کارروائی کی جائے۔ خاص طور پر صنعتی علاقوں، فیکٹریوں اور چھوٹے صنعتی یونٹس کی شکایات اکثر فوری نوعیت کی ہوتی ہیں، جن میں تاخیر براہِ راست صنعتی پیداوار اور کاروباری سرگرمیوں کو متاثر کرتی ہے۔ اس لیے 118 ہیلپ لائن کے تحت صنعت کاروں اور تاجروں کی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جانا ازحد ضروری ہے۔ سلیم میمن نے حکومت کو اس سسٹم کی بہتری کے لیے کچھ اہم تجاویز بھی پیش کیں۔ ان کے مطابق، ایک ریئل ٹائم مانیٹرنگ ڈیش بورڈ تشکیل دیا جائے، جس میں ہر شکایت کی پیش رفت اور ڈسکوز کی کارکردگی واضح ہو۔ اسی طرح شکایات کے حل کے لیے مقررہ مدت سروس لیول اگریمنٹ (SLA)کا نفاذ کیا جائے، تاکہ صارفین کو معلوم ہو کہ ان کے مسئلے پر کب تک عمل درآمد ہوگا۔ انہوں نے ماہانہ رپورٹنگ, فیڈبیک سسٹم کو مضبوط بنانے، اور صنعتی علاقوں کے لیے خصوصی رسپانس یونٹ کے قیام کی بھی تجویز دی جو صنعتی شکایات پر فوری عملی کارروائی کرے۔انہوں نے کہا کہ 118 ہیلپ لائن کو ایک بہترین عوامی خدمت بننے کے لیے اس میں مستقل بہتری، سخت نگرانی اور شفافیت ناگزیر ہے۔ اس اقدام کا حقیقی فائدہ تب ہی ملے گا جب اس ہیلپ لائن کو فعال اور جوابدہ رکھا جائے، اور ہر کال، ہر شکایت اور ہر مسئلے کو حل کرنے میں ذمہ داری کا مظاہرہ کیا جائے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ اگر ان تمام تجاوہز پر عمل کیا گیا تو یقینا تاجروں اور عوام کا واپڈا پر اعتماد بحال ہوگا۔

ٓ

اپنا تبصرہ بھیجیں