کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)نیو کراچی ٹاؤن میں ریٹائر ہونے والے 20 ملازمین کو ان کے واجبات کی ادائیگی کے لیے مجموعی طور پر 89 لاکھ 92 ہزار 829 روپے کے چیک تقسیم کیے گئے۔
چیک تقسیم کرنے کی تقریب چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف کی صدارت میں منعقد ہوئی، جس میں میونسپل کمشنر منور حسین ملاح سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔
چیئرمین محمد یوسف نے کہا کہ “ہم بلدیاتی خدمات کے ساتھ ساتھ اپنے ملازمین کے حقوق پر بھی بھرپور توجہ دے رہے ہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ واجبات کی ادائیگی بروقت اور شفاف طریقے سے ہو۔”
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ملازمین کے گروپ انشورنس کے لیے نیا معاہدہ کیا گیا ہے، جس کے تحت آئندہ مرحوم ملازمین کے ورثاء کو انشورنس کی رقم لازمی ادا کی جائے گی۔
میونسپل کمشنر منور حسین ملاح نے کہا کہ ٹاؤن انتظامیہ ملازمین کے مسائل حل کرنے کے لیے سنجیدہ ہے اور یہ اقدامات عملے کی فلاح و بہبود کے عزم کا ثبوت ہیں۔
تقریب کے اختتام پر ریٹائر ہونے والے ملازمین نے ٹاؤن انتظامیہ کے اس اقدام کو قابل تعریف قرار دیا۔


