کراچی/لاہور (اچ آر این ڈبلیو) یومِ اقبال کے موقع پر جامعہ عروۃ الوثقی میں *“اردو قومی زبان، قومی تشخص، قومی پہچان”* کے عنوان سے عالمی اردو کانفرنس منعقد کی گئی۔ ہفتہ 9 نومبر 2025 کو ہونے والی اس کانفرنس کا مقصد زبانِ اردو کی ترویج اور اس کے قومی کردار کو اجاگر کرنا تھا۔
کانفرنس کی میزبانی جامعہ عروۃ الوثقی کے بانی **علامہ سید جواد نقوی** نے کی۔ ملک کے مختلف حصوں سے آئے شرکاء کی بڑی تعداد اس بات کی واضح دلیل تھی کہ قوم اپنی قومی زبان کے حق میں مضبوط موقف رکھتی ہے۔
مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ قومی زبان کے نفاذ میں تاخیر، ترقی کے راستے میں سب سے بڑی رکاوٹوں میں سے ایک ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ **اردو وہ واحد زبان ہے جو پاکستان کے تمام صوبوں کے درمیان اتحاد کا استعارہ ہے** اور یہی زبان تکمیلِ پاکستان کی حقیقی علامت ہے۔
شرکاء نے علامہ سید جواد نقوی سے درخواست کی کہ وہ قومی زبان کے نفاذ کی آواز حکامِ بالا تک پہنچائیں۔ اس موقع پر علامہ جواد نقوی نے کہا کہ *“ہر زبان اپنی تہذیب، اپنے علم اور اپنے مذہب کی نمائندہ ہوتی ہے، لہٰذا اپنی زبانوں خصوصاً قومی زبان کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔”*
کانفرنس کے اختتام پر قومی زبان کے تحفظ، نفاذ اور فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں بڑھانے پر زور دیا گیا۔


