پی ٹی آئی ترجمان کا میرپورخاص کی 7 سالہ آمنہ کے ساتھ زیادتی و قتل پر شدید مذمت

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) پاکستان تحریک انصاف کراچی ڈویژن کی ترجمان **فوزیہ صدیقی** نے میرپورخاص میں 7 سالہ معصوم آمنہ کے ساتھ زیادتی کے بعد قتل کے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے **انتہائی دردناک اور دل دہلا دینے والا سانحہ** قرار دیا ہے۔

فوزیہ صدیقی نے کہا کہ **آمنہ کی لاش بوری میں بند کر کے نہر میں پھینکی گئی،** جو انسانیت سوز واقعہ ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ **پولیس اصل بااثر ملزمان کو بچانے میں مصروف ہے،** اور صرف ایک مقامی نائی زاہد خاصخیلی کو گرفتار کر کے پیش کیا گیا ہے۔

ترجمان کے مطابق، **آمنہ کیس کا مرکزی ملزم بااثر شخص ہے،** جسے **پولیس اور پیپلزپارٹی کی پشت پناہی حاصل ہے،** اور اسے بچانے کی مسلسل کوششیں کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ **یہ کیس پنجاب کی زینب کیس کی طرح ہی دردناک ہے،** معصوم بچی کو اغوا کے بعد زیادتی کا نشانہ بنا کر بے دردی سے قتل کیا گیا۔ فوزیہ صدیقی نے بتایا کہ **بچی کے والد کی دہائیاں پولیس نے نہیں سنیں،** اور جب سوشل میڈیا پر معاملہ وائرل ہوا تو پولیس حرکت میں آئی۔

فوزیہ صدیقی نے مزید کہا کہ **پولیس نے ابتدائی طور پر چند افراد کو گرفتار کیا، مگر بعد میں سب کو رہا کر دیا** اور ایک بےقصور شخص کو قربانی کا بکرا بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ **“اگر زینب کے لیے پوری قوم اٹھ کھڑی ہو سکتی ہے تو آمنہ کے لیے کیوں خاموش ہے؟”**

ترجمان نے یاد دلایا کہ **پی ٹی آئی دورِ حکومت میں “زینب بل” پیش کیا گیا تھا، جس کی اُس وقت پیپلزپارٹی اور ن لیگ نے مخالفت کی تھی۔**

آخر میں فوزیہ صدیقی نے مطالبہ کیا کہ **آمنہ کے قاتل درندوں کو سرِ عام پھانسی دی جائے، مؤثر قانون سازی کی جائے،** اور سندھ پولیس ایسے مجرموں کی **سرپرستی بند کرے۔**

اپنا تبصرہ بھیجیں