حیدرآباد (ایچ آراین ڈبلیو)حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے صدر سلیم میمن نے صنعتوں اور گھریلو صارفین کو درپیش گیس بحران پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ موسمِ سرما کے آغاز کے ساتھ ہی گیس پریشر میں نمایاں کمی اور فراہمی کے مسائل شدت اختیار کر گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اوگرا کی جانب سے گیس نرخوں میں آئے دن اضافوں اور فراہمی میں کمی نے صنعتی اور گھریلو دونوں صارفین کے لیے حالات مزید سنگین بنا دیے ہیں۔صدر چیمبر نے کہا کہ گیس کی قلت اور پریشر میں کمی کے باعث ملک بھر کی 40 فیصد سے زائد چھوٹی صنعتیں متاثر ہو رہی ہیں، جبکہ صرف سندھ میں سینکڑوں یونٹس جزوی طور پر بند ہونے پر مجبور ہیں۔ اس صورتحال نے برآمدات کے شعبے کو بھی متاثر کیا ہے اور پیداوار میں کمی سے صنعتی روزگار کے ہزاروں مواقع خطرے میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو گیس نرخوں میں اضافے کے بجائے گیس کے لائن لاسس اینڈ گیس کی چوری پر قابو پانے کے اقدامات کرنے چاہئیں تاکہ موجودہ سپلائی مؤثر انداز میں استعمال ہو سکے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر گیس کے متبادل ذرائع اختیار کرے تاکہ صنعتوں کا پہیہ چلتا رہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں صنعتی ترقی کے لیے متبادل توانائی ذرائع جیسے ایل پی جی، بایو گیس، سولر انرجی، ونڈ انرجی اور ویسٹ ٹو انرجی پلانٹس کو فروغ دیا جا رہا ہے۔پاکستان میں بھی حکومت کو چاہیے کہ ایسے منصوبوں پر ہنگامی بنیادوں پر کام شروع کرے تاکہ گیس پر انحصار کم ہو اور صنعتوں کو توانائی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر حکومت واقعی چھوٹی اور درمیانی صنعتوں کو ترقی دینا چاہتی ہے تو توانائی کے بحران کا مستقل حل تلاش کرنا ضروری ہے اس کے ساتھ صنعتکاروں کو اپنے طور پر بھی انرجی کے زرائع تلاش کر نے اور انہیں بہتر انداز میں استعمال کرنے کی اہمیت پر زور دیا کیونکہ حکومتی جاری کردہ ریٹ پر انڈسٹریاں چلانا اب نا ممکن ہوگیا ہے، انہوں نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سے اپیل کی کہ وہ تمام چیمبرز، ایسوسی ایشنز اور صنعتی نمائندوں کا ایک“نیشنل انرجی کانفرنس”فوری طور پر طلب کریں تاکہ گیس، بجلی اور دیگر توانائی کے مسائل پر ایک متفقہ قومی پالیسی تیار کی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تمام انڈسٹری کی آواز ایک پلیٹ فارم سے حکومت تک پہنچنا ناگزیر ہے تاکہ مربوط حکمتِ عملی کے تحت توانائی بحران پر قابو پایا جا سکے۔ صدر چیمبر سلیم میمن نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ صنعتی علاقوں میں گیس کی فراہمی کو ترجیحی بنیادوں پر بحال کیا جائے۔ متبادل توانائی منصوبوں کے لیے فوری سبسڈی اور فنانسنگ اسکیمز متعارف کرائی جائیں۔گیس کے ضیاع اور انتظامی بدعنوانی کے خاتمے کے لیے خصوصی ٹاسک فورس قائم کی جائے۔انہوں نے کہا کہ حکومت، وزارتِ توانائی اور اوگرا کو فوری اقدامات کرنے ہوں گے تاکہ صنعتیں بند ہونے سے بچ سکیں اور معیشت کے استحکام کی راہ میں توانائی کے بحران کو مستقل بنیادوں پر حل کیا جا سکے۔


