حیدرآباد؛ اہلِ فلسطین سے اظہارِ یکجہتی کے لیے “یکجہتی غزہ کانفرنس” اور احتجاجی مظاہرے

حیدرآباد ( ایچ آراین ڈبلیو ) پاکستان مرکزی مسلم لیگ، شعبہ خواتین (مسلم ویمن لیگ) حیدرآباد کی جانب سے اہلِ فلسطین سے اظہارِ یکجہتی کے لیے “یکجہتی غزہ کانفرنس” اور اس کے بعد احتجاجی مظاہرے کا انعقاد کیا گیا۔

کانفرنس کی صدارت مہک فیصل (صدر، مسلم ویمن لیگ حیدرآباد) نے کی۔ ان کے ہمراہ عظمٰی راجپوت (نائب صدر)، ثمرین منصور (پرنسپل، اقصیٰ ماڈل اسکول)، حسین آباد ٹائون صدر صابرہ علی رابعہ ندیم، نسرین فاطمہ اور ارم ام توحید موجود تھیں۔ اس کانفرنس میں شہر بھر سے خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مہک فیصل نے کہا:
“ہم غزہ میں جاری اسرائیلی دہشتگردی کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ نہتے عوام، خواتین اور بچوں کا بے دردی سے قتل انسانیت کے منہ پر طمانچہ ہے۔ اقوامِ متحدہ کی خاموشی اس بربریت میں برابر کی شریک ہے۔ عالمی امن کے لیے ضروری ہے کہ اسرائیل کو فی الفور لگام دی جائے۔ ہم امت مسلمہ کے حکمرانوں سے اپیل کرتے ہیں کہ بے حسی، بے غیرتی اور بزدلی کو چھوڑ کر اہلِ فلسطین کی کھل کر مدد کا اعلان کریں۔”

کانفرنس کے اختتام پر شرکاء نے احتجاجی مظاہرے میں شرکت کی، ظالم اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی اور اسرائیلی پرچم کو نذرِ آتش کرکے مظلوم فلسطینیوں سے یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں