لاہور(ایچ آراین ڈبلیو) تحریک لبیک یا رسول اللہ صلی اللہ علیک وسلم و تحریک صراط مستقیم کے زیر اہتمام مجدد دین و ملت، اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان قادری رحمۃ اللہ علیہ کی تعلیمات کو اجاگر کرنے کے لیے 47 ویں افکارِ رضا سیمینار کا انعقاد مرکزی جامعہ مسجد غوثیہ رضویہ میں کیا گیا۔ علامہ پیر محمد عرفان علی نقشبندی جلالی نے اپنی والدہ محترمہ کے چہلم کے سلسلہ میں یہ سیمینار منعقد کروایا۔ تحریک لبیک یارسول اللہ صلی اللہ علیک وسلم کے سربراہ اور تحریک صراط مستقیم کے بانی ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے ”بعد از وصال تکریمِ مومن“ کے موضوع پر مقالہ پیش کرتے ہوئے کہا: اسلام میں بعد از وصال بھی مومن کو طرح طرح کی تکریم و توقیر سے نوازا جاتا ہے۔ اس کے جسد خاکی کو غسل دینے والے، کفن پہنانے والے، اسے خوشبو لگانے والے اور اس کی چارپائی اٹھانے والوں کے یوں گناہ معاف کر دیے جاتے ہیں جیسے آج ہی اس کی ماں نے اس کو جنم دیا ہے۔ فوت شدہ مومن کے اعزاز کی خاطر اس کی چارپائی کے پیچھے چلنے والوں، جنازہ پڑھنے والوں اور اس کی تدفین میں شرکت کرنے والوں کو پہاڑوں جتنے ثواب سے نوازا جاتا ہے۔ اس کے جسم کو اگرچہ وہ بے روح ہے، کسی طرح کی اذیت دینا جائز نہیں۔ اس کے بارے میں زندہ مسلمان کو پابند کر دیا گیا ہے کہ اس کی خوبیاں بیان کریں اور اس کی کوئی خامی زبان پر نہ لائیں۔ دنیا سے چل بسنے والے اس مسلمان کے لیے ایصالِ ثواب، استغفار اور دعاؤں کا حکم ہے۔ اس کی قبر کا بھی احترام ہے۔ نہ اس پر پاؤں رکھا جائے اور نہ اس کے ساتھ ٹیک لگائی جائے اور نہ اس کی قبر کی طرف منہ کر کے قضائے حاجت کی جائے۔ سیمینار میں پیر محمد سعدی شیرازی، مولانا پیر محمد عاشق رسول صدیقی، پیر غلام مرتضی قادری نوشاہی، پیر سید حامد شاہ بخاری، مولانا حاکم علی چشتی، قاری محمد علی نقشبندی جلالی، مفتی محمد وسیم جلالی، قاری احمد نواز جلالی کے علاوہ عوام کے جم غفیر نے شرکت کی۔


