لاہور (ایچ آراین ڈبلیو) ایئرپورٹس سیکیورٹی فورس (ASF) کی ایوی ایشن انٹیلیجنس نے لاہور میں بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے بھرتی کے تحریری امتحانات کے دوران نئی طرز کےمنظم اور ہائی ٹیک چیٹنگ گینگ کو بے نقاب کر کے حوالہ قانون کر دیا۔
ملک بھر میں اے ایس ایف ہر سال ملک کے مختلف ریکروٹمنٹ سینٹرز میں بھرتی کے تحریری امتحانات کے دوران نقل اور غیر قانونی ذرائع کے استعمال کی روک تھام کے لیے خصوصی سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بناتی ہے۔ اس سال مورخہ ۸ اپریل سے شروع ہونے والے بھرتی امتحان کے دوران اے ایس ایف کے عملے کی جسمانی/سامان کی تلاشی میں مثالی مہارت اور استعداد کی بدولت لاہور میں متعدد امیدواروں سےنقل میں استعمال کئے جانے والے جدید الیکٹرانک آلات برآمد کیے گئے۔
اے ایس ایف انٹیلیجنس کی تفتیش سے حاصل ہونے والی معلومات کی روشنی میں مقتدر اداروں کی مدد سے امیدواروں کو غیر قانونی امداد فراہم کرنے والے بڑے نیٹ ورک کو سرغنہ سمیت گرفتار کر لیا گیا۔ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے امیدواروں کو غیر قانونی سہولیات فراہم کرنے کے عوض 2.5 لاکھ سے 6 لاکھ روپے تک رقم وصول کرنے کا اعتراف کیا۔نیٹ ورک کے سرغنہ سے برآمد ہونے والے کل 80 آلات میں سمارٹ ڈیوائسز، سم کارڈز، مدر بورڈز، ایل سی ڈیز، مائیکروفونز، سمارٹ واچز، بلوٹوتھ ڈیوائسز اور موبائل فونز شامل ہیں- گرفتار ملزمان اور ملوث امیدواروں کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
ایئرپورٹس سیکیورٹی فورس کی یہ کارروائی نہ صرف ملکی مفاد اور قومی سلامتی کے تحفظ کی علامت ہے بلکہ اس کے شفافیت کے لئے غیر متزلزل عزم کی بھی عکاس ہے۔ اے ایس ایف ہمیشہ کی طرح میرٹ کو قائم رکھنے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔


