کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) جامعہ کراچی کے شعبہ تعلیم کے زیراہتمام چائنیز ٹیچرزمیموریل آڈیٹوریم جامعہ کراچی میں پہلی قومی نمائش اور سیمیناربعنوان:”کیریئر ہوریزونز: پروفیشن ٹو پیشن“کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار اور نمائش میں کراچی شہر کی نجی اور سرکاری جامعات کے اساتذہ و طلبہ سمیت کالجز اور مختلف اداروں کے تعلیمی ماہرین اور تعلیم کے شعبہ سے متعلق حکومتی شخصیات نے بھی شرکت کی۔سیمینار اور نمائش میں مختلف تعلیمی اسٹیک ہولڈرز، کمپنیز، اداروں، تعلیمی این جی اوز نے اپنے اسٹالز لگا کر اپنے کاموں کو پیش کیا۔
نمائش کا افتتاح پروگرام کے منتظمین،شعبہ تعلیم جامعہ کراچی کے اسسٹنٹ پروفیسرز ڈاکٹر معروف بن روف اور ڈاکٹر عزیز النساء نے کیا۔ شرکاء نے نمائش میں موجود مختلف اداروں کی جانب سے لگائے جانے والے اسٹالز کا دورہ کیااور اپنی سی ویزجمع کرائیں جن کو مدنظررکھتے ہوئے مختلف اداروں کی جانب سے سی ویزجمع کرانے والے طلباوطالبات کوانٹرن شپ،اسکالرشپس اور ملازمتیں آفر کی گئیں۔
اس موقع پر پینل کابھی انعقاد کیاگیاجس میں ڈاکٹر آفتاب احمد شیخ (ڈائریکٹر سندھ ایجوکیشن پالیسی کمیشن)، ڈاکٹر ساجد علی (ڈائریکٹر ریسرچ اینڈ پبلیکیشنز، دی آغا خان یونیورسٹی)، جناب شہزاد قمر (ڈائریکٹر اطالیق پاکستان)، ڈاکٹر امتیاز احمد (اسسٹنٹ پروفیسر، ٹیچرز ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ) نے بطور مہمان مقرر شرکت کی اور طلبہ کو شعبہ تعلیم میں مستقبل کی ضرورتوں اور جہتوں سے واقفیت دلانے کے ساتھ انہیں اپنی صلاحیتوں کو سمجھنے اور اس سے متعلق معاش کو حاصل کرنے کے حوالے سے رہنمائی کی۔
سیمینار کا تیسرا اور آخری سیشن مہمان خصوصی جناب سید رسول بخش شاۃ (ڈائریکٹر سندھ اسٹیڈا) کی زیر صدارت منعقد کیا ہوا،جبکہ پروفیسر ڈاکٹر شاہدہ سجاد (وائس چانسلر میٹروپولیٹن یونیورسٹی) نے بطور کی نوٹ اسپیکر کے شرکت کی اور مہمانان اور منتظمین میں سرٹیفیکیٹ س اور شیلڈز کی تقسیم کی۔ سید رسول بخش شاہ نے طلبہ کو مستقبل کی تعلیم مدنظر رکھ کر اپنی تعلیم کو جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے اپنے ادارے (اسٹیڈا) کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
سیمینار میں شامل تمام اداروں کی جانب سے شعبہ تعلیم کے طلبہ کے لئے انٹرنشپس اور اسکالرشپس کے ساتھ مختلف تحقیقی پروجیٹس میں مشترکہ طور پر کام کرنے پر رضامندی ظاہر کی گئی۔


