راولپنڈی(ایچ آراین ڈبلیو) اورکزئی میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن میں جام شہادت نوش کرنے والے پاک فوج کے 11 بہادر جوانوں کی نمازِ جنازہ چکلالہ گیریژن میں فوجی اعزازات کے ساتھ ادا کر دی گئی۔
نمازِ جنازہ میں وزیراعظم شہباز شریف، آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزراء، سینئر سول و عسکری اہلکاروں کے علاوہ عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 7 اور 8 اکتوبر کی درمیانی شب اورکزئی میں بھارتی اسپانسرڈ دہشت گرد تنظیم “فتنہ الخوارج” کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران یہ جوان شہید ہوئے۔ فائرنگ کے تبادلے میں 19 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔
شہید ہونے والے جوانوں کے نام:
لیفٹیننٹ کرنل جنید طارق (راولپنڈی)
میجر طیب راحت (راولپنڈی)
نائب صوبیدار اعظم گل
حوالدار عادل حسین
نائیک گل امیر
لانس نائیک شیر خان
لانس نائیک طالش فراز
لانس نائیک ارشاد حسین
سپاہی طفیل خان
سپاہی عاقب علی
سپاہی محمد زاہد
وزیراعظم شہباز شریف نے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ “قوم دہشت گردی کے خلاف پرعزم و یکجا ہے، شہداء کی قربانیاں مادرِ وطن کے دفاع کے غیر متزلزل عزم کی یاد دہانی ہیں۔”
شہداء کو ان کے آبائی علاقوں میں فوجی اعزازات کے ساتھ سپردِ خاک کیا جا رہا ہے، جبکہ علاقے میں سینی ٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔


