پی ٹی سی ایل کو پہلی سہ ماہی میں 3.1 ارب روپے منافع

اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل)گروپ نےرواں سال کی پہلی سہ ماہی (جنوری تا مارچ 2026) میں 3.1 ارب روپے کا خالص منافع حاصل کر لیا ہے، جبکہ کمپنی نے آئندہ ماہ مئی سے ملک میں باضابطہ طور پر فائیو جی سروسز لانچ کرنے کا اعلان بھی کر دیا ہے۔

پی ٹی سی ایل اور یوفون کے چیف ایگزیکٹو آفیسر حاتم بامطرف نے 2026 کی پہلی سہ ماہی کے مالیاتی نتائج جاری کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں رواں برس جنوری تا مارچ پی ٹی سی ایل گروپ کی آمدنی میں 58 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی سی ایل گروپ نے 3.1 ارب روپے کا خالص منافع حاصل کر کے منافع بخش کمپنیوں میں شاندار واپسی کی ہے، جو مؤثر کاروباری حکمتِ عملی، ڈیجیٹل خدمات میں توسیع اور آپریشنل بہتری کا نتیجہ ہے۔سی ای او کے مطابق کمپنی مئی 2026 سے فائیو جی سروسز کے آغاز کے لیے تیار ہے، جس سے صارفین کو تیز رفتار انٹرنیٹ، بہتر کنیکٹیوٹی اور جدید ڈیجیٹل سہولیات میسر آئیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ فائیو جی لانچ پاکستان کے ٹیلی کام سیکٹر میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا اور ڈیجیٹل معیشت کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔

پی ٹی سی ایل گروپ کی جانب سے مالی کارکردگی میں نمایاں بہتری اور فائیو جی سروسز کے اعلان کو سرمایہ کاروں اور صارفین کی جانب سے خوش آئند پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں