ساہیوال(ایچ آراین ڈبلیو)ساہیوال کے علاقے فرید ٹاؤن کی مین روڈ پر واقع سرکل بیکری ایک بار پھر تنازع کا شکار ہو گئی، جہاں شہریوں نے بیکری انتظامیہ پر عوامی صحت سے کھلواڑ کے سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔شہریوں کے مطابق بیکری سے 500 روپے میں خریدی گئی بریڈ، جس پر ایکسپائری ڈیٹ 28 اپریل درج تھی، جب کھولی گئی تو اس میں خطرناک فنگس موجود پائی گئی۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ محض غفلت نہیں بلکہ عوام کو بیمار کرنے کے مترادف عمل ہے۔ شدید احتجاج کے بعد بیکری انتظامیہ نے بمشکل مذکورہ بریڈ واپس لی۔
شہریوں نے مزید الزام عائد کیا کہ بیکری میں بسکٹ کو “خالص مکھن” کے نام پر مہنگے داموں فروخت کیا جا رہا ہے، جبکہ حقیقت میں یہ بسکٹ ناقص ایرانی دودھ پاؤڈر سے تیار کیے جا رہے ہیں۔ جب صارفین نے اس مبینہ فراڈ پر سوال اٹھایا تو بیکری انتظامیہ نے مصنوعات واپس لینے سے صاف انکار کر دیا۔
متاثرہ شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ کھلی دھوکہ دہی، جعلسازی اور انسانی جانوں سے کھیلنے کے مترادف سنگین جرم ہے۔ انہوں نے ساہیوال فوڈ اتھارٹی کی کارکردگی پر بھی شدید سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ متعلقہ ادارہ تاحال خاموش تماشائی بنا ہوا ہے۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر بیکری کے خلاف کارروائی کی جائے، چھاپہ مارا جائے، ذمہ داران کو گرفتار کیا جائے اور بیکری کو سیل کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو عوام احتجاجاً سڑکوں پر آنے پر مجبور ہو جائیں گے۔


