نوری آباد(ایچ آراین ڈبلیو)صوبہ سندھ میں ایمرجنسی طبی سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جس کے تحت نوری آباد میں ٹراما سینٹر قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اس سلسلے میں سندھ انٹیگریٹڈ ایمرجنسی اینڈ ہیلتھ سروسز (SIEHS) اور بقائی میڈیکل یونیورسٹی کے اعلیٰ سطحی وفد نے 30 بستروں پر مشتمل سرکاری اسپتال کا تفصیلی دورہ کیا اور ممکنہ ٹراما سینٹر کے قیام کا جائزہ مکمل کیا۔
دورے کے دوران وفد نے اسپتال کے بنیادی ڈھانچے، ایمرجنسی سہولیات، طبی آلات اور عملے کی دستیابی کا تفصیلی معائنہ کیا۔ وفد نے کہا کہ نوری آباد میں بڑھتےہوئے ٹریفک حادثات کے پیش نظر ٹراما سینٹر کا قیام انتہائی ضروری ہے۔وفد میں SIEHS کے سی ای او بریگیڈیئر طارق قادر لاکھیر، بقائی میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد، پروفیسر ڈاکٹر شعیب بقائی، پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کاشف اکرام اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر پیر منظور احمد شامل تھے۔
بریگیڈیئر طارق قادر لاکھیر نے کہا کہ نوری آباد جیسے اہم شاہراہی علاقے میں فوری طبی امداد کے لیے ٹراما سینٹر وقت کی اہم ضرورت ہے، جو حادثات کی صورت میں قیمتی جانیں بچانے میں مددگار ثابت ہوگا۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں طے پایا کہ پہلے مرحلے میں اسپتال کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنایا جائے گا، دوسرے مرحلے میں جدید طبی آلات فراہم کیے جائیں گے، جبکہ طبی عملے کی کمی کو بھی فوری طور پر پورا کیا جائے گا۔
اسپتال انتظامیہ نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ عوام کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔یہ منصوبہ علاقے کے عوام کے لیے بہتر صحت سہولیات کی امید اور محفوظ مستقبل کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔


