شہید بینظیرآباد(ایچ آراین ڈبلیو)ایس ایس پی شہید بینظیر آباد سمیر نور چنہ نے ڈپٹی کمشنر عبدالصمد نظامانی کے ہمراہ ضلع بھر میں جاری سالانہ بورڈ امتحانات کے دوران مختلف امتحانی مراکز کا ہنگامی دورہ کیا۔دورے کا مقصد امتحانی عمل کو شفاف بنانا، سیکیورٹی انتظامات کو مؤثر بنانا اور حکومت کی جانب سے کاپی کلچر کے خاتمے سے متعلق جاری احکامات پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنانا تھا۔
ایس ایس پی سمیر نور چنہ نے امتحانی مراکز پر تعینات پولیس اہلکاروں کی حاضری، الرٹ پوزیشن اور ڈیوٹی کے معیار کا معائنہ کیا۔ انہوں نے ہدایات جاری کیں کہ امتحانی مراکز کے اطراف غیر متعلقہ افراد کے اجتماع پر مکمل پابندی عائد رہے گی۔ڈپٹی کمشنر عبدالصمد نظامانی اورایس ایس پی نےامتحانی ہالز کے اندر جا کر بھی صورتحال کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایس ایس پی نے واضح کیا کہ کاپی کلچر ایک تعلیمی ناسور ہے اور اس میں ملوث کسی بھی فرد یا گروہ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائی کی جائے گی۔
انتظامیہ کی جانب سے امتحانی مراکز کے باہر دفعہ 144 کے نفاذ کو یقینی بنانے کے لیے پولیس پیٹرولنگ مزید بڑھانے کی ہدایات بھی جاری کی گئیں۔افسران نے اساتذہ اور امتحانی عملے کو ہدایت کی کہ طلبہ کو پرامن، محفوظ اور صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جائے تاکہ وہ کسی دباؤ کے بغیر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر سکیں۔
ایس ایس پی سمیر نور چنہ نے کہا کہ طلبہ کے مستقبل کے ساتھ کسی کو بھی کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیکیورٹی سخت رکھنے کا مقصد صرف امن و امان ہی نہیں بلکہ امتحانات کی ساکھ کو برقرار رکھنا بھی ہے، اور پولیس ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر تعلیمی نظم و ضبط کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھائے گی۔


