کوئٹہ(ایچ آراین ڈبلیو) افغان مہاجرین کے لیے رضاکارانہ واپسی کی مقررہ مدت مکمل ہونے کے بعد ضلعی انتظامیہ نے سریاب سب ڈویژن میں کارروائیوں کا آغاز کرتے ہوئے 40 افغان مہاجرین کو گرفتار کر لیا ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر سریاب مصور احمد کے مطابق، یہ کارروائی وفاقی حکومت کی ہدایات پر عملدرآمد کے لیے شروع کی گئی ہے۔ گرفتاریوں کے ساتھ ساتھ انتظامیہ نے غیرقانونی طور پر چل رہی چار دکانیں بند کر دی ہیں اور متعدد افغان مہاجرین کے گھروں کے بجلی کے کنکشن بھی کاٹ دیے گئے ہیں۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ واپسی کے حکمنامے پر عملدرآمد نہ کرنے والے تمام مہاجرین کے خلاف مزید سخت کارروائی جاری رہے گی۔ یہ اقدامات غیرقانونی طور پر مقیم افراد کو واپس بھیجنے کے وفاقی حکومت کے منصوبے کا حصہ ہیں۔
واضح رہے کہ افغان مہاجرین کی رضاکارانہ واپسی کے لیے مقررہ مدت گزشتہ روز ختم ہو گئی تھی، جس کے بعد سے ہی ملک بھر میں ایسی کارروائیوں کا آغاز کیا جا رہا ہے-


