فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنے کے لیے منعقدہ ہڑتال نے زبردست کامیابی حاصل کی

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) کراچی کی تمام مارکیٹ ایسوسی ایشن کی طرف سے فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنے کے لیے منعقدہ ہڑتال نے زبردست کامیابی حاصل کی۔ صدر کراچی الیکٹرانکس ڈیلرز ایسوسی ایشن رضوان عرفان نے اس اقدام کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ تاجروں نے اپنے کاروبار بند کرکے ظلم کے خلاف آواز بلند کی۔

ہڑتال کے دوران کراچی بھر میں الیکٹرانکس مارکیٹیں مکمل طور پر بند رہیں۔ رضوان عرفان نے کہا، یہ صرف ہڑتال نہیں، بلکہ مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ ہمارے جذبات کا اظہار ہے۔ ہم اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہیں اور عالمی برادری سے فوری اقدام کا مطالبہ کرتے ہیں۔

رضوان عرفان نے مزید کہا کہ یہ احتجاجی اقدام صرف کراچی تک محدود نہیں رہے گا، بلکہ ملک بھر کے تاجروں کو بھی فلسطین کے حق میں آواز اٹھانے کی ترغیب دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی الیکٹرانکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کی طرف سے امدادی فنڈز بھی جمع کیے جارہے ہیں، جو فلسطینی شہریوں کی مدد کے لیے بھیجے جائیں گے۔

عوامی حلقوں میں اس اقدام کو سراہا گیا ہے، جبکہ سوشل میڈیا پر بھی تاجروں کی حمایت میں وائرل مہم چل رہی ہے۔ سیاسی و سماجی رہنماؤں نے بھی کراچی الیکٹرانکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کے اقدام کو قابل ستائش قرار دیا ہے۔

یہ ہڑتال نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی سطح پر فلسطین کے مسئلے پر توجہ دلانے کا ایک اہم قدم ہے۔ رضوان عرفان کا کہنا ہے کہ وہ امن اور انصاف کے لیے اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں