تحریک صراط مستقیم کے زیر اہتمام جامع مسجد رضائے مجتبیٰ میں ”32 ویں سالانہ فہم دین کانفرنس“

لاہور( ایچ آراین ڈبلیو) تحریک لبیک یا رسول اللہ صلی اللہ علیک وسلم و تحریک صراط مستقیم کے زیر اہتمام جامع مسجد رضائے مجتبیٰ میں ”32 ویں سالانہ فہم دین کانفرنس“ کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس میں عوام کے جم غفیر نے شرکت کی۔ کانفرنس کی صدارت میاں محمد الیاس جلالی نے کی۔ کانفرنس سے تحریک لبیک یا رسول اللہ صلی اللہ علیک وسلم کے سربراہ اور تحریک صراط مستقیم کے بانی ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے ”نوازشاتِ پروردگار جل جلالہ اور ہم“ کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا: ہر سانس میں اللہ تعالیٰ کی کروڑوں نوازشات سے انسان کی زندگی کا سلسلہ رواں ہے۔ اللہ تعالیٰ قادر مطلق کی بہت سے نوازشات ظاہری ہیں اور بہت سی نوازشات پوشیدہ ہیں۔ شکم مادر میں بندے پر اللہ تعالیٰ کی نوازشات، ولادت کے وقت نوازشات، پھر بچپن، جوانی اور بڑھاپے میں نوازشات، پھر ایمان کی حالت میں دنیا سے انتقال کرنے پر برزخ، حشر اور جنت میں نوازشات ہیں۔ اللہ تعالیٰ کی مہربانیوں کا سلسلہ بڑا طویل ہے۔ جمادات، نباتا، حیوانات سب کو کسی نہ کسی طرح اللہ تعالیٰ نے انسان کی خدمت کی ڈیوٹی پر مامور کیا اور ان کی طرف سے خدمتِ انسان کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔ پرندے، حشرات الارض، آب و ہوا، زمین و آسمان، سورج، چاند، ستارے سب اپنے فوائد سے انسان کو ہم کنار کر رہے ہیں۔ جب اللہ تعالیٰ کے حکم سے کائنات کی یہ مخلوقات خدمت انسان میں مصروف ہیں تو انسان کو بھی اپنے خالق و مالک کے حکم پر سر تسلیم خم کرنا چاہیے اور ہر قسم کی سرکشی اور بغاوت سے محفوظ رہ کر اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول ﷺ کی اطاعت میں زندگی بسر کرنی چاہیے۔ کانفرنس میں مفتی محمد ادریس جلالی، علامہ محمد ذوالفقار علی جلالی، الحاج محمد منیر قادری، مفتی محمد ابراہیم جلالی، الحاج کتاب جان و دیگر نے شرکت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں