فیصل آباد(ایچ آراین ڈبلیو)فیصل آباد کے علاقے سول لائنز میں مبینہ طور پر کھانے میں زہر ملنے کے واقعے میں دو بچے جاں بحق جبکہ چار افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق متاثرہ تمام افراد نے ایک ہی وقت میں کھانا کھایا اور سو گئے، تاہم کچھ دیر بعد اچانک ان کی طبیعت بگڑ گئی۔ تمام متاثرین کو فوری طور پر الائیڈ ہسپتال ٹو منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔
ہسپتال انتظامیہ کے مطابق دورانِ علاج پانچ سالہ منیر اور سات سالہ بتول جانبر نہ ہو سکے اور دم توڑ گئے، جبکہ دیگر چار افراد اب بھی تشویشناک حالت میں زیر علاج ہیں۔
پولیس کے مطابق واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور کھانے کے نمونے بھی حاصل کر لیے گئے ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ زہر کیسے اور کس ذریعے سے کھانے میں شامل ہوا۔


