کوئٹہ(ایچ آراین ڈبلیو)مسلم باغ میں پیش آنے والی ڈکیتی کی واردات کا ڈراپ سین ہو گیا، جہاں انکشاف ہوا ہے کہ واردات میں علاقے کا ایس ایچ او سمیت چار پولیس اہلکار براہِ راست ملوث تھے۔
تفصیلات کے مطابق سب انسپیکٹر محمد رفیق قیصرانی، اے ایس آئی سید عالم اور دو دیگر پولیس اہلکاروں نے مبینہ طور پر ایک شہری کو روکا، اس کے ہاتھ پاؤں باندھ کر گاڑی چھین لی اور متاثرہ شخص کو ویرانے میں پھینک دیا۔ واردات کے بعد متاثرہ شہری نے اعلیٰ حکام کو درخواست دی جس پر ڈی آئی ژوب رینج کی جانب سے محکمانہ انکوائری شروع کی گئی۔
تحقیقات میں اہلکاروں کے ملوث ہونے کے ناقابلِ تردید شواہد سامنے آنے پر سب انسپیکٹر اور دیگر اہلکاروں کو ملازمت سے برخاست کر دیا گیا۔ مزید برآں متاثرہ شہری کی مدعیت میں چاروں اہلکاروں کے خلاف باقاعدہ مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
*ذرائع کے مطابق واقعے نے عوامی سطح پر شدید غم و غصہ پیدا کیا ہے اور سوالات اٹھائے جا رہے ہیں کہ شہریوں کے محافظ ہی ڈاکو بن جائیں تو عوام کا اعتماد کہاں محفوظ رہے گا۔


