لاہور(ایچ آراین ڈبلیو)ڈی آئی جی آپریشنز کی ہدایت پر ڈولفن پولیس نے فیملی پارکس میں خواتین اور بچوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے بھرپور اقدامات شروع کر دیے ہیں۔ ترجمان ڈولفن کے مطابق تفریح گاہوں کو منشیات کے استعمال کے لیے محفوظ جگہ سمجھنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت سخت کارروائی کی جا رہی ہے۔
ڈولفن فرینڈلی پٹرولنگ یونٹ نے پٹرولنگ کے دوران پبلک پارکس کی آڑ میں منشیات استعمال کرنے والے چار ملزمان کو گرفتار کر لیا، جن میں دو خواتین اور دو مرد شامل ہیں۔ ملزمان فیملی پارک میں خواتین کی آڑ میں آئس اور شراب کا استعمال کر رہے تھے۔ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے شراب اور آئس برآمد کر لی گئی۔
ایس پی ڈولفن بلال احمد نے کہا کہ شہریوں کو محفوظ اور پُرامن ماحول کی فراہمی اولین ترجیح ہے اور پارکوں میں کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ منشیات فروشوں اور نشہ کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد جاری رہے گا۔
گرفتار ملزمان عدنان، نعمان، روبینہ اور نسرین کو قانونی کارروائی کے لیے تھانہ ریس کورس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ ڈولفن پولیس کے مطابق عوامی مقامات، فیملی پارکس اور تفریح گاہوں میں منشیات سمیت دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔


