کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)کراچی کے علاقے گلستانِ جوہر میں پولیس نے خفیہ اطلاع پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے پہلوان گوٹھ میں چھاپہ مار کر دو منشیات سپلائرز کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق کارروائی پہلوان گوٹھ میں کی گئی، جہاں سے گرفتار ملزمان کی شناخت نصیب شاہ اور قیوم وکیل کے نام سے ہوئی ہے۔ ملزمان کے قبضے سے 2600 گرام اعلیٰ کوالٹی کی چرس برآمد کی گئی، جبکہ 20 ہزار روپے نقدی بھی تحویل میں لے لی گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ منشیات کی سپلائی میں استعمال ہونے والی ایک آلٹو کار بھی قبضے میں لے لی گئی ہے۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان گلستانِ جوہر اور اس سے ملحقہ علاقوں میں منشیات فروشی میں ملوث تھے۔
گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے تاکہ نیٹ ورک کے دیگر سہولت کاروں تک بھی پہنچا جا سکے۔


