43

محمدی کالونی میں ڈکیتی کی واردات، شہری عدم تحفظ کا شکار

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)محمدی کالونی میں ایک بار پھر ڈکیتیوں کا سلسلہ بڑھنے لگا ہے۔ گزشتہ شب تقریباً 11 بجے عرفان کمیونیکیشن پر مسلح موٹر سائیکل سواروں نے دھاوا بول کر بھاری رقم لوٹ لی اور فرار ہوگئے۔ عینی شاہدین کے مطابق یہ واردات مکمل منصوبہ بندی اور پیشگی جاسوسی کے بعد کی گئی۔

یہ افسوسناک واقعہ محسنہ مسجد کی گلی اور اطراف میں پہلی مرتبہ پیش آیا ہے۔ قابل ذکر امر یہ ہے کہ کینگ وار کے مشکل دور میں بھی اس علاقے میں اس نوعیت کے جرائم رونما نہیں ہوئے تھے۔

اہلِ محلہ نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی وارداتیں اکثر اندرونی سازشوں اور مخبری کے نتیجے میں سامنے آتی ہیں، جس سے عوام میں خوف و ہراس پھیل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے محلے کے بیشتر رہائشی رات گئے فشری اور دیگر پیشوں کے سلسلے میں گھروں سے نکلتے ہیں، لہٰذا اس طرح کے واقعات نہ صرف عوامی جان و مال کے لیے خطرہ ہیں بلکہ مستقبل کے امن کو بھی نقصان پہنچا سکتے ہیں۔

اہلِ علاقہ نے علاقے کے تمام سیاسی و سماجی رہنماؤں، معززین اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری نوٹس لے کر ملزمان کو گرفتار کریں اور علاقے میں گشت و سیکیورٹی کے نظام کو مؤثر بنائیں تاکہ شہری اطمینان اور امن و سکون کی فضا بحال ہو سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں