42

گلبرگ تھانے کی حدود میں جرائم پیشہ عناصر کا راج، عوام کا جینا محال

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)گلبرگ تھانے کی حدود جرائم پیشہ عناصر کے لیے ایک محفوظ پناہ گاہ بن چکی ہے، جہاں گٹکے، ماوے اور جوئے کے دھندے دن بدن بڑھتے جا رہے ہیں، جس نے مقامی عوام کا جینا محال کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق، گلبرگ تھانے کے علاقے پیالہ ہوٹل کے سامنے بلاک 12 محمدی کالونی میں ریحان نامی شخص کھلم کھلا جوئے کا چھکا اور کالے دھندے میں ملوث ہے۔ اسی طرح، پیالہ ہوٹل کے پیچھے گجر نالہ اور گلبرگ کیفے کے پاس راناکی برادران کھلے عام گٹکا اور ماوے کی تیاری اور فروخت میں مصروف ہیں۔

ان جرائم پیشہ عناصر کا کہنا ہے کہ ان کو کسی قسم کا خوف نہیں ہے، کیونکہ وہ متعلقہ تھانے میں بلا تعطل نذرانہ پیش کرتے ہیں، جس کی وجہ سے ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جا رہی۔

گلبرگ تھانے کی حدود، موسی کالونی میں آزاد بنگالی اور کلیم بنگالی نامی افراد نے کھلم کھلا سٹے کا اڈہ بنا رکھا ہے، جبکہ موسی کالونی کے ہی ایک اور علاقے میں اشفاق قادری نامی شخص سٹے کے اڈے کی محفل سجا کر عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کر رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق، ان سٹے مافیا کا کہنا ہے کہ وہ تھانے کے ساتھ لین دین کے معاملات بخوبی نبھا رہے ہیں، اس لیے ان کا کوئی کچھ نہیں بگاڑ سکتا۔

جوئے، گٹکے، ماوے اور منشیات کی فروخت کے علاوہ، علاقہ میں شراب نوشی کی بڑھتی ہوئی سرگرمیاں بھی نوجوانوں کی بربادی کا سبب بن رہی ہیں۔ ان غیر قانونی سرگرمیوں نے نوجوان نسل کو بربادی کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے، لیکن ان کے خلاف کوئی ٹھوس کارروائی نہیں ہو رہی۔

علاقہ کی عوام جوئے کے اڈوں پر ہونے والے ہجوم، گالم گلوچ اور غیر اخلاقی حرکات سے تنگ آ چکے ہیں اور اعلی حکام سے درخواست کرتی ہے کہ ان جرائم پیشہ عناصر کے اڈوں کو بند کروا کر ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ عوام کو سکون کا سانس مل سکے۔

یہ صورتحال علاقے کے امن و سکون کے لیے سنگین خطرہ بنتی جا رہی ہے اور عوام نے فوری اقدامات کی اپیل کی ہے تاکہ اس بدترین صورتحال کا خاتمہ ہو سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں