متحدہ علماء محاذ کے تحت یوم القدس جوش و جذبے کے ساتھ منایاگیا

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)متحدہ علماء محاذ پاکستان کے زیر اہتمام بانی اسلامی انقلاب ایران آیت اللہ امام خمینی کے فرمان پر قبلہ اول بیت المقدس پر اسرائیلی غاصبانہ قبضہ اور انسانیت سوز وحشیانہ جارحیت کے خلاف آزادی القدس اور فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے جمعۃ الوداع کو یوم القدس جوش و جذبے کے ساتھ منایاگیا۔ اس موقع پر محاذ میں شامل مختلف مکاتب فکر کے 300سے زائد علماء مشائخ نے غزہ فلسطین پر مسلسل اسرائیلی بمباری،جبری بے دخلی کی شدید مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ،OIC اور مسلم حکمرانوں سے پرزور مطالبہ کیاہے کہ فلسطینیوں کو آزادی و حق خود ارادیت دلوانے اور جبری یہودی آبادکاری کو ختم کرنے،فلسطین میں غذائی،طبی اور ہر قسم کی امداد پہنچانے میں اسرائیلی رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے بھرپورطاقت کا عملی مظاہرہ کریں۔ گریٹر اسرائیل کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا۔ حماس، حزب اللہ سمیت دیگرشہدائے مقاومت فلسطین نے آزادی القدس کی جدوجہد کرنے والوں کے حوصلوں کو مزید بلند کردیاہے۔پاکستان سمیت مسلم حکمران امریکی، اسرائیلی دباؤ میں آئے بغیر قبلہ اول بیت المقدس کی آزادی کیلئے اپنی علیحدہ مشترکہ اسلامی فوج تشکیل دیں اور اپنے دین و ایمان کے تحفظ و بقاء اور مظالم سے نجات کیلئے اپنی مسلم اقوام متحدہ، اسلامی کرنسی، تجارتی منڈی قائم کریں۔اپنے ممالک میں حکومتی سطح پر تمام تر اسرائیلی اور اس کے سہولت کار ممالک کی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کریں۔پاکستان میں استعمار کے ایجنٹ و آلہ کار فرقہ پرست تکفیری عناصر آزادی القدس کی جدوجہد کو دبانے کیلئے قابل مذمت گھناؤنی سازشیں کررہے ہیں۔پاکستان کے تمام غیور مسلمان بلاامتیاز رنگ و مسلک مجاہدین فلسطین و شہدائے مقاومت کے شانہ بشانہ ہیں اور ان کے ساتھ اپنی یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ امریکہ و اسرائیل کی جبری غزہ خالی کرانے کی اشتعال انگیز دھمکیاں اور وحشیانہ جارحیت پاکستان و دیگر اسلامی ممالک کی غیر ت ایمانی کیلئے کھلا چیلنج ہے۔آزادی القدس اور مظلوم فلسطینی مسلمانوں و مقاومتی تحریکوں کی ہر قسم کی بھرپور امداد کیلئے برادر اسلامی پڑوسی ملک ایران کا تاریخی جرأت مندانہ کردار ہمیشہ یادرکھاجائے گا۔دریں اثناء متحدہ علماء محاذ کے قائدین، علماء مشائخ و کارکنوں نے ایم اے جناح روڈ پر نکالی گئی عالمی یوم القدس کی ریلیوں میں بھرپورشرکت کی جبکہ محاذ کے مرکزی صدر حجۃ الاسلام علامہ مرزایوسف حسین، بانی سیکریٹری جنرل مولانا محمدامین انصاری،محاذسندھ کے صدرشیخ الحدیث مولانا مفتی محمدداؤدنے خطاب کیا۔اجتماعات جمعہ میں اسرائیل،امریکہ کے خلاف مذمتی قراردادیں منظورکی گئیں۔ فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیاگیا۔یوم القدس کے حوالے سے جمعۃ الوداع کے اجتماعات سے خطاب کرنے والوں میں مرکزی چیئرمین علامہ عبدالخالق فریدی سلفی،علامہ پروفیسر ڈاکٹر سید شمیل احمد قادری حنبلی،شیخ الحدیث مولانا مفتی محمدداؤد، علامہ سید محمد عقیل انجم قادری،علامہ پیر سید ازہر علی شاہ ہمدانی،مولانا حافظ محمد ابراہیم چترالی،علامہ محمد حسن شریفی،علامہ مفتی عبدالغفور اشرفی،علامہ مرتضیٰ خان رحمانی،مولانا قاری سید طاہر جمال تھانوی، علامہ عبدالماجد فاروقی، مولاناقاری محمد اقبال رحیمی،مولانا مفتی علی المرتضیٰ، علامہ زاہد حسین ہاشمی مشہدی،مفتی وجیہہ الدین، صاحبزادہ مولانا منظرالحق تھانوی ،علامہ سید سجاد شبیر رضوی علامہ ڈاکٹر شاہ فیروز الدین رحمانی ،مفتی اسد الحق چترالی،علامہ مفتی ضیاء اللہ سیالوی،علامہ مفتی فیصل عزیز بندگی، علامہ حفیظ اللہ ہادیہ صدیقی،مولانا مفتی مصد ق الامین سلفی،مولانا محمد جنید باڑی،مولانا محمد اقبال ڈہروی ،علامہ پیر سید شاہ محمد ارشد حسین ہاشمی کاظمی اشرفی،مولانا مفتی اکبر شاہ ہاشمی،مولانا قاری گل نواب شاہ،مفتی شبیراحمد، علامہ مفتی ابونصر غلام فرید چشتی،پروفیسر مولانا کاشف شمسی،مولانا عزیر احمد نوتیزئی،مولانا حافظ امام حسین ہمدم ودیگر شامل ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں