کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)تھانہ سکھن پولیس نے ملیر کے علاقے بھینس کالونی لیبر اسکوائر میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے جعلی دودھ تیار اور سپلائی کرنے والے کارخانے پر چھاپہ مار کر مضر صحت دودھ، کیمیکل اور دیگر سامان برآمد کرلیا۔ کارروائی کے دوران تین ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ ایک ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
ترجمان سکھن پولیس کے مطابق، کارروائی مکان نمبر NH-210 پر اس وقت کی گئی جب ملزمان مضر صحت کیمیکل سے دودھ تیار کرنے میں مصروف تھے۔ گرفتار ملزمان کی شناخت نصیر احمد ولد رفیق احمد، فیضان احمد ولد فریاد احمد، اور شہریار احمد ولد فریاد احمد کے ناموں سے ہوئی ہے، جبکہ ان کا ایک ساتھی ساجد گجر ولد جمیل گجر موقع سے فرار ہوگیا۔
پولیس کے مطابق، برآمد شدہ اشیاء میں کیمیائی مواد، دودھ بنانے کا غیر معیاری محلول، دودھ کی ٹنکیاں اور ڈرم اور دیگر سامان شامل ہے، جو کہ شہر بھر میں سپلائی کے لیے تیار کیا جارہا تھا۔ ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ یہ جعلی دودھ مقامی ڈیلرز کے ذریعے مختلف علاقوں میں فروخت کیا جارہا تھا۔


